چین کے صدر کا دورہ پاکستان معاشی انقلاب برپا کریگا:شہباز شریف

چین ہر مشکل وقت میں چٹان کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے،چین کی غیر معمولی سرمایہ کسی تحفے سے کم نہیں،چین کی مدد سے جاری بجلی منصوبے 2017 ء سے پیداوار شروع کر دیں گے،دونوں ممالک کے تعاون سے لاہور اورینج میٹروٹرین منصوبہ جلد شروع ہوگا،وزیراعلیٰ کی چین کے چنگ ڈو کے میئر سے ملاقات کے دوران گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 22:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب شبازشریف نے کہا ہے کہ چین کے صدر کا دورہ پاکستان انتہائی اہم ہے ،پورا پاکستان چینی صدر کیلئے چشم براہ ہے،چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے،پاکستان میں چین کی غیر معمولی سرمایہ کاری کسی تحفے سے کم نہیں ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز چین کے شہر چنگ ڈو کے میئر سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص دوست ہے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے،چین کے صدر کا دورہ پاکستان معاشی انقلاب برپا کریگا ،پورا پاکستان چینی صدر کیلئے چشم براہ ہے،انہوں نے کہا کہ چینی صدرکے دورہ پاکستان کے دوران 45 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے جس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،چین کی مدد سے پاکستان میں بجلی کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے اور2017 میں ان منصوبوں سے پیداوار شروع ہو جائے گی،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمے کا تہیہ کررکھا ،لوڈشیڈنگ سے ملک کی معاشی ترقی میں رکاوٹ ہے جسے ہر صورت پورا کریں اور عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے کہا کہ چین کے تعاون سے لاہوراورینج میٹرو ٹرین کا منصوبہ شروع کیا جائیگا اور اس حوالے سے جلد پیش رفت ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چین کے شہر چنگ ڈو اور لاہور کو جڑواں شہر قرار دیا جائیگا جس سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت،تجارت اور معاشی تعاون بڑھے گا۔اس موقع پر چین کے شہر چنگ ڈو کے میئر نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو چین کے شہر چنگ ڈو کی دعوت دی جسے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے قبول کر لی ہے۔

چینی میئر نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،انہوں نے وزیراعلیٰ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں کی وجہ سے پاک چین دوستی مضبوط ہوئی ہے اور چین میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کو ’’مین آف آیکشن ‘‘ کہاجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہیں جو بروقت منصوبے مکمل کریں گے۔