این اے 246،23اپریل کے انتخابی نتائج حیران کن ہوں گے ،راشد نسیم

عوام خود پر جاری ظلم و ستم کا بدلہ پولنگ اسٹیشن کے اندر لیں گے،فیڈرل بی ایریا میں رابطہ مہم کے دوران خطاب

ہفتہ 18 اپریل 2015 22:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور این اے 246کے نامزد امید وار راشد نسیم نے کہا ہے کہ 23اپریل کو این اے 246کے انتخابی نتائج حیران کن ہو ں گے،عوام ترازو پر مہر لگا کر شہر کو اندھیروں میں دھکیلنے اور کراچی کو بد نام کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے ،عوام خود پر جاری 28سال سے ظلم و ستم کا بدلہ 23اپریل کو پولنگ اسٹیشن کے اندر لیں گے ۔

ایم کیو ایم عوام کو جواب دے کہ 28سال قبل کوٹہ سسٹم کے خاتمے سمیت جن حقوق کے لیے نعرہ لگایا گیا تھا ان کا کیا ہوا ؟ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل بی ایریا گلبرگ میں معزز علاقہ مکینوں سے ملاقوں اور عوام سے رابطے کے سلسلے میں مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ضلع وسطی کے امیر منعم ظفر خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

راشد نسیم نے عام افراد اور دکانداروں سے ملاقاتیں کیں اور ان کو 23اپریل کو ترازوپر مہر لگانے کی دعوت دی ۔عوام کی جانب سے راشد نسیم کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا اور یقین دلایا گیا کہ 23اپریل کو عوام شہر کے اندر تبدیلی کے نئے سفر کا حصہ بنیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہر طبقہ پریشان اور نالاں ہے ۔کاروبار تباہ ہو گیا ہے سرمایہ کراچی سے باہر منتقل ہو رہا ہے ،تاجر برادری بھی تبدیلی کی خواہاں ہے اور انشا اﷲ 23اپریل تبدیلی کا آغاز ثابت ہوگا ۔دہشت گردی اور بھتہ خوری کے خاتمے سے شہر میں کاروباری سر گر میاں بڑھیں گی اور کراچی کو ترقی اور خوشحالی میسر آئے گی۔