پاکستان اورچین مشترکہ دوستی ریڈیو چینل قائم کریں گے

تین کلوواٹ کا ایف ایم ٹرانسمیٹر اسلام آباد اور کراچی میں نصب کردیاگیا

ہفتہ 18 اپریل 2015 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) پاکستان اور چین باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک ریڈیوچینل قائم کریں گے ۔چینل کا نام پی بی سی ، سی آر آئی ایف ایم 98-دوستی چینل ہوگا جس کا باضابطہ افتتاح چین کے صدر کے دورے موقع پر کیاجائے گا۔چائنہ ریڈیوانٹرنیشنل کے وائس ڈائریکٹر جنرل JIA JIXUNG کی قیادت میں چینی وفد نے منصوبے کو حتمی شکل دینے کیلئے ہفتے کو نیشنل براڈ کاسٹنگ ہاؤس اسلام آباد کا دورہ کیا اور ریڈیوپاکستان کے ڈائریکٹر جنرل عمران گردیزی سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں فیصلہ کیا گیاکہ پروگرام اس انداز میں ترتیب دیئے جائیں گے جس سے عوامی سطح پر دوستی کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ اس مقصد کے لئے تین کلوواٹ کا ایف ایم ٹرانسمیٹر اسلام آباد اور کراچی میں نصب کردیاگیاہے ۔دوستی چینل ریڈیوپاکستان اور چائنہ ریڈیوانٹرنیشنل مشترکہ طور پر چلائیں گے ۔چینل کی نشریات کا دورانیہ اٹھارہ گھنٹے ہوگا یہ نشریات صبح چھ بجے سے رات بارہ بجے تک جاری رہیں گی ۔چینی وفد نے مختلف سٹوڈیوز کا دورہ بھی کیا اور تکنیکی سٹاف کی صلاحیتوں کوسراہا۔