سکھر،محبوب اعظم کی جیمزاینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے قیام پر نو منتخب کابینہ کو مبارکباد

ہفتہ 18 اپریل 2015 22:17

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے مرکزی جنرل سیکریٹری محبوب اعظم اور کراچی ڈویژ ن کے صدر محمود حامد نے آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے مرکزی قائد حاجی ہارون میمن کی سرپرستی میں سکھر جیمزاینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے قیام پر اس کے نو منتخب صدر انور زندہ ، سینئر نائب صدر حاجی غلام قادر جتوئی ، جنر ل سیکریٹری محمد عرفان شیخ ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ثناء الحق اور خزانچی نجم الثاقب کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ حاجی ہارون میمن کی قیادت میں صرافہ کی نئی ایسوسی ایشن تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی ۔

آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے کہا کہ حاجی ہارون میمن نے GSTنامنظور اور ٹیکس سروے کے خلاف تحریک میں پورے ملک کے تاجروں کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے اور یونیورسل ٹیکس سسٹم کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا وہ سکھر کے تاجروں کی بھر پوررہنمائی کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے تاجر برادری کے کاغذی شیروں کی جانب سے جاوید میمن کی کامیابی پر اعلان مسرت کو مضحکہ خیز قرار دیااور کہا کہ یہ لیڈر کراچی میں ہونے والی ہر ہڑتال کے موقع پر حمایتی پٹیاں چلاکر ملکی معیشت کو تباہ اور تاجروں کو کنگال کرنے میں برابر کے شریک رہے ہیں ۔

تاجر رہنماؤں نے کہا کہ تاجر بدعنوان اور سیاسی پارٹیوں کے آلہ کار لیڈروں کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ تاجر رہنماؤں نے صرافہ مارکیٹ فنڈ میں 10لاکھ روپے کے غبن پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔