تحریک انصاف نے عام انتخابات میں دھاندلی کا شور مچایا ، اب خود حکومتی مشینری کا استعمال کرکے بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہو رہی ہے ،صوبائی حکومت نے قبل ازانتخاب دھاندلی کرتے ہوئے اربوں کے ترقیاتی کام شروع کردیئے ہیں

قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیرپاؤ کا پا رٹی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 18 اپریل 2015 21:53

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہپی ٹی آئی نے عام انتخابات میں دھاندلی کا شور مچایا مگر اب خود حکومتی مشینری کا استعمال کرکے بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہو کر دھاندلی کی تیاریاں کر رہی ہے صوبائی حکومت کے وزراء نے اربوں روپے کے ترقیاتی کام شروع کردیئے ہیں تا کہ بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہوسکے، قومی وطن پارٹی اس مٹی کی ایک قوم پرست پارٹی ہے پختونوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

وہ ہفتہ کو پارٹی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔اس موقع پر الیکشن سیل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جو کہ دورکنی ممبران پارٹی کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری طارق احمد خان اورسوشل میڈیا کے صوبائی انچارج نسرین خٹک پر مشتمل ہو گا۔

(جاری ہے)

الیکشن سیل بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر کے پارٹی امیدواروں کے ساتھ رابطہ میں رہے گا۔

اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں دھاندلی کا شور مچایا مگر اب خود حکومتی مشینری کا استعمال کرکے بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہو کر دھاندلی کی تیاریاں کر رہی ہے ۔ صوبائی حکومت کے وزراء نے اربوں روپے کے ترقیاتی کام شروع کردیئے تا کہ بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہوسکے۔ انہوں نے کہا قومی وطن پارٹی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پورے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی اورکارکنوں پر زور دیا کہ پارٹی پروگرام کوگھر گھر پہنچائے ۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی اس مٹی کی ایک قوم پرست پارٹی ہے پختونوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور حالیہ انتخابات میں پارٹی کی شرکت اس عزم کے ساتھ کی جارہی تاکہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری ادارے مضبوط ہو جائیں۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے جلال آبادمیں خود کش بم دھماکہ کی مزمت کی اور اسے انتہائی گھناؤنا فعل قرار دیا انھوں نے غم زدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے پائیدار قیام کیلئے اقدامات اٹھانا وقت کی ضرورت ہے لہٰذا اس سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات اٹھاکر امن کے قیام اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ،صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،محمد نثارایڈوکیٹ اور کفایت علی ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔