Live Updates

ایم کیو ایم خوف نہ ڈالے، لوگوں کو آزادانہ ووٹ ڈالنے دے ، این اے 246 کا الیکشن ملک کی سیاست کا رخ بدل دیگا، رینجرز پولنگ کے دن خوف کی فضاء نہ بننے دے ، ضمنی انتخابات میں فتح کیلئے پورا زور لگائیں گے،اگر جماعت اسلامی بھی میچ کھیلنا چاہتی ہے تو خوش آمدید کہتے ہیں،جوڈیشل کمیشن کے سامنے پوری تیاری کیساتھ تمام ثبوت لے کر جائیں گے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس

ہفتہ 18 اپریل 2015 21:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی اگلی سماعت میں پوری تیاری کے ساتھ تمام ثبوت اپنے ساتھ لے کر جائیں گے ، این اے 246 کا الیکشن ملک کی سیاست کا رخ پلٹ دے گا، ایم کیو ایم سے کہتا ہوں کہ خوف نہ ڈالیں، لوگوں کو آزادانہ طور پر ووٹ ڈالنے دیں، رینجرز پولنگ ڈے پر خوف کی فضاء نہ بننے دے، کراچی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، ضمنی انتخابات میں فتح کے لئے پورا زور لگائیں گے،اگر جماعت اسلامی بھی میچ کھیلنا چاہتی ہے تو خوش آمدید کہتے ہیں ۔

وہ ہفتہ کو تحریک انصاف کے راہنماء ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی،جہانگیر ترین، عمران اسماعیل اور علی زیدی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں 19 اپریل کے جلسے میں شرکت کیلئے ہفتے کی شام کو کراچی پہنچنے پر تحریک انصاف کراچی کی اعلیٰ قیادت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کا ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اے 246 کا الیکشن پاکستان کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہے ، کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ عروج پر ہے، کراچی سے خوف کے مارے بزنس مین بنگلہ دیش، ملائشیاء، سنگا پور اور قطر جا رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی میں شدید خوف کی فضاء پائی جاتی ہے، ہم کراچی میں خوف کی فضاء کو ختم کرنے اور کراچی شہر کی روشنیاں واپس دلانے کیلئے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک نشست ہارنے یا جیتنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم صرف کراچی کے لوگوں کو موقع دینے کیلئے این اے 246 سے الیکشن لڑ رہے ہیں، کراچی کے لوگوں کو خوف کی فضاء سے باہر نکالا جا سکے، رینجرز پر یقین ہے، رینجرز پولنگ ڈے پر خوف کی فضاء نہ بننے دے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے درخواست ہے کہ لوگوں کو آزادی سے ان کے ووٹ کا حق انہیں استعمال کرنے دے، 23 اپریل کو ہونے والا الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، ضمنی الیکشن جیتنے کیلئے پورا زور لگائیں گے اور کسی بھی صورت میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی بھی یہ میچ کھیلنا چاہتی ہے تو ہمیں بھی کوئی اعتراض نہیں بلکہ ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام تحریک انصاف کی فتح ہے، ہم نے صرف چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا، 126 دن کے دھرنے کے نتیجے میں جوڈیشل کمیشن قائم ہوا، جوڈیشل کمیشن میں 21 جماعتوں نے کہا کہ الیکشن دھاندلی زدہ ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے بھی ہری پور میں اپنے خطاب کے دوران تسلیم کیا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے ، تو پھر اس کی تحقیقات کیوں نہیں ہونی چاہیے تھیں؟ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے چیئرمین نے کہا کہ سارا مواد فراہم کیا جائے، جوڈیشل کمیشن کی اگلی سماعت میں پوری تیاری کے ساتھ تمام ثبوت اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماء عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کے حلقہ این اے 246 میں 4گھوسٹ پولنگ اسٹیشنز ہیں، جن کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے نہ ووٹ مانگنے گئے تھے اور نہ ہی اب جائیں گے۔ ایم کیو ایم کے کنور نوید جمیل نے بائیو میٹرک نظام کی مخالفت کی، انہیں کہتا ہوں کہ بائیو میٹرک سسٹم اور رینجرز سے بھلے بھاگیں لیکن الیکشن سے نہ بھاگیں، اطلاع ملی ہے کہ ایم کیو ایم الیکشن سے ہی بھاگنے کی کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن کو مرے ہوئے دس سال ہو گئے ہیں ان کے بھی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے راہنماء علی زیدی نے کہا کہ این اے 246کے ووٹرز کے شناختی کارڈز ضبط کئے جا رہے ہیں، کسی کو بھی پولنگ اسٹیشنز سے بیلٹ پیپرز باہر نہ لانے دیئے جائیں، این اے 246کا ضمنی الیکشن تاریخ کا اہم ترین انتخاب ہو گا، تحریک انصاف صاف اور شفاف الیکشن چاہتی ہے۔(اح)

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات