طارق محبوب کی موت کے اسباب جاننے کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے ٗقائدین جما عت اہلسنّت

ہفتہ 18 اپریل 2015 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے رہنماؤں علامہ شاہ تراب الحق قادری ،مولانا ابرار احمد رحمانی ،صوفی حسین لاکھانی ،علامہ اکرم سعیدی،عرفان مصطفی ،مولانا خلیل الرحمان چشتی، مولانا ناصر خان ترابی،محمد الطاف قادری، عبد الحفیظ معارفی،غفران احمد ،مولانا عامر اخلاق شامی نے سنی اتحاد کونسل اور انجمن نوجوانان اسلام کے رہنما ء طارق محبوب کے رینجرز کی تحویل میں ہلاکت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کی حمایت اوراستحکام و سا لمیت پاکستان کیلئے مؤثر و مضبوط آواز بلند کرنے والے طارق محبوب کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہلاکت سوالیہ نشان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دوران حراست طارق محبوب کی موت سے محب وطن حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

جما عت اہلسنّت کے رہنماؤں نے وفاقی وصوبائی حکومت، اعلیٰ عدلیہ اورآرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ طارق محبوب پر الزامات کی تحقیق اور ان کی موت کے اسباب جاننے کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سمجھنا ہو گا کہ محب وطن حلقوں اور افراد کے ساتھ اس طرح کے غیر انسانی اور بہیمانہ سلوک سے وطن عزیز اور آپریشن ضرب عضب کی حمایت میں اٹھنے والی مؤثرآوازیں دب جائیں گی ۔اس موقع پر جما عت اہلسنّت کے رہنماؤں نے طارق محبوب کی رحلت پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی ۔