بچوں کی ہلاکت ٗ کمیٹی صاف و شفاف تحقیقات کریگی ٗوزیر اعلیٰ بلوچستان

تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

ہفتہ 18 اپریل 2015 21:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ قلعہ سیف اﷲ میں بچوں کے جاں بحق ہونے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو صاف و شاف تحقیقات کریگی جو بھی ذمہ دار ہو ان کیخلاف ضرور کارروائی کرینگے اراکین اسمبلی ذمہ داری کے ساتھ بیان جاری کریں تاکہ 35لاکھ بچوں کو ویکسین پلانے میں کوئی ابہام پیدا نہ ہو ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اسمبلی میں اراکین اسمبلی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جو بھی ادویات ہوتی ہیں ان کے نقصانات بھی درج ہو تے ہیں لیکن خسرہ مہم کیلئے جوویکسین دی گئی وہ ایک ذمہ دار انٹر نیشنل ادارے نے دی ہے جو ذمہ داری کے ساتھ کام کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کمیٹی کی رپورٹ کے آنے سے قبل کمیٹی پر عدم اعتماد کرنا درست نہیں ہم ایوان کو یقین دلاتے ہیں کہ جس طرح اب تک 13لاکھ بچوں کوخسرے سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے اسی طرح35لاکھ بچوں کا ٹارگٹ بھی پورا کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس وقت ہیپاٹائٹس سمیت9بیماریوں نے ہمارے صوبے کی عوام کوبیمار کیا ہے ان سب بیماریوں کیخلاف ہم مہم چلائینگے ذمہ دار اراکین اسمبلی اس بارے میں محتاط طریقے سے بیان جاری کریں تاکہ خسرہ مہم کے دوران کوئی ابہام پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ قلعہ سیف اﷲ میں جو پانچ بچے جاں بحق ہوئے تھے اس پر ہمیں بہت افسوس ہے وہ بھی ہمارے بچے ہیں اس سلسلے میں سول ہسپتال اور سی ایم ایچ نے بھی رپورٹ آغا خان لیبارٹری کو بھیج دی ہے رپورٹ آنے تک کوئی بیان جاری کریں گے اور نہ ہی معاوضے کا اعلان کریں گے۔

متعلقہ عنوان :