پی وائی او راولپنڈی کے رہنماؤں کا بلدیاتی انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر فائرنگ میں 2کارکنوں کے جاں بحق‘ 4 کے زخمی ہونے پر اظہار غم و غصہ

ہفتہ 18 اپریل 2015 20:34

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) پیپلز یوتھ راولپنڈی ڈویژن کے صدر راجہ عنایت ، ایاز خان پپو، حسن شاہ ، ملک ناصر عطار اور قاضی خرم نے اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں گزشتہ روز تھانہ رتہ امرال کے علاقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار راجہ شوکت کے انتخابی دفتر پر فائرنگ سے دو نوجوان کارکنوں کی شہادت اور دو کارکنوں کے زخمی کرنے کی شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور کارکنوں پر فائرنگ اور انہیں شہید کرنے سے ہمارے عزائم کم نہیں ہوں گے نوجوان کارکن کل بھی بھٹو کے جیالے تھے اور آج بھی بھٹو کے جیالے ہیں مخالفین کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف انتقامی کاروائیاں سخت قابل مذمت ہیں انشاء اﷲ 25 اپریل کا سورج پیپلز پارٹی کی جیت کی نوید لے کر طلوع ہوگا انہوں نے وفاقی حکومت، پنجاب حکومت کو خبردار کیا کہ اگر 24 گھنٹوں میں ہمارے کارکنوں کے اصل قتل گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو راولپنڈی ، اسلام آباد پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی ۔