این اے 246 میں کامیاب جلسے پر حلقے کی خواتین سے جماعت اسلامی کا اظہار تشکر

جلسے میں بھرپورشرکت جماعت اسلامی پر اعتماد کا ثبوت ہے، خواتین کا ووٹ ترازو کیلئے ہے، دردانہ صدیقی

ہفتہ 18 اپریل 2015 20:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کراچی کے حلقہ این اے 246 میں جماعت اسلامی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ خواتین کے جلسے کے کامیاب انعقاد پر حلقہ خواتین کراچی کی ذمہ داران اور کارکنان کو مبارکبادپیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جلسے کی ہر لحاظ سے کامیابی کارکنان کی انتھک جدوجہد اور بھرپور رابطے کا ثمر ہے جس پر وہ خراج تحسین کی مستحق ہیں‘اس کے لئے آپ کا اجر اﷲ کے ہاں محفوظ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این اے 246 کی خواتین نے جماعت اسلامی کے جلسے میں بھرپور شرکت کرکے جماعت پر اپنے اعتماد کا ثبوت دیا ہے جس پر جماعت اسلامی حلقے کی خواتین سے اظہار تشکر کرتی ہیں، ہمیں یقین ہے کہ یہ خواتین جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم کو اپنا ووٹ دے کر کامیاب کرائیں گی۔انہوں نے جماعت اسلامی کی کارکنان سے اپیل کی کہ اپنی جاری مہم کو مزید تیز کردیں ، گھر گھر رابطوں کے ذریعے ایک ایک خاتون تک پہنچیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ 23 اپریل کو ووٹ انشااﷲ صرف ترازو کے نشان پر پڑیں گے‘کیونکہ جماعت اسلامی ہی صرف وہ قیادت اور صلاحیت رکھتی ہے جو اس شہر کو حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ اور روشنیوں کا شہر بنا سکے۔

متعلقہ عنوان :