ککری گراؤنڈ لیاری میں26اپریل کو ہونے والا جلسہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے جلسے کا تسلسل ہےٗ پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن

ہفتہ 18 اپریل 2015 20:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) ککری گراؤنڈ لیاری میں26اپریل کو ہونے والا جلسہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے جلسے کا تسلسل ہے۔ محترمہ بے نظیربھٹو شہید نے جنوری 2008کے جنرل الیکشن میں آخری جلسہ ککری گراؤنڈ میں کرنا تھا جو ظالم قوتوں کے ظلم کے نتیجے میں 27دسمبر کو راولپنڈی میں شہید ہوگئی تھیں۔ 30دسمبر کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی لیاری سے والہانہ محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی۔

اس بات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم نے پیپلزیوتھ کراچی ڈویژن کے جنرل ورکرز اجلاس سے پیپلزسیکریٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پیپلزیوتھ کراچی کے صدر اقبال ساند، فیصل میندرو، ریاض بلوچ سمیت ڈویژن و ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سید نجمی عالم نے کہا کہ لیاری ہمیشہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کا گڑھ رہا ہے اور ہمیشہ پاکستان پیپلزپارٹی کا قلعہ رہے گا۔

اس گراؤنڈ کی خاصیت یہ ہے کہ اس گراؤنڈ میں ذوالفقار علی بھٹوشہید اور محترمہ بے نظیربھٹو شہید کے عظیم لشان جلسوں کے علاوہ اس عظیم گراؤنڈ میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی شادی کی تقریب بھی منعقد ہوئی تھی جو لیاری کے عوام سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔ سید نجمی عالم نے کہا کہ 26اپریل کے جلسے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے تیسرے قائد کا جلسے سے خطاب ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اس تاریخی موقع پر اہلیان کراچی بھر پور شرکت کرکے اس شہری اور تاریخی جلسے کے گواہ ہونگے۔

پیپلزیوتھ کراچی کے صدر اقبال ساند نے کہا کہ کراچی کے نوجوان پیپلزیوتھ کے پرچم کے تلے متحد ہیں اور اس تاریخی دن میں نوجوان اپنے قائد کا خطاب سننے کے لئے جوق درجوق اور قافلوں کی صورت میں ککری گراؤنڈ جاکر آصف علی زرداری سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :