این اے 246کی نشست پرنامزدگی میرے لئے اعزاز ہے، کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ

عوام حق پرست امیدوار کو کامیاب بنائیں ، سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی

ہفتہ 18 اپریل 2015 20:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء)این اے 246کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ این اے 246کی نشست پرامزدگی میرے لئے اعزاز ہے کیونکہ اس حلقہ انتخاب کے عوام کی الطا ف حسین سے والہانہ محبت او رنظریاتی وابستگی ہر قسم کے شک و شبہ سے بالا تر ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ رو زلیاقت آباد راجپوتانہ کالونی ، بندھانی کالونی ، لیاقت آباد نمبر 4نزد گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول پر منعقدہ کارنر میٹنگوں کے شرکاء اور فیڈرل بی ایریا میں واقع کھیل و ثقافت سے متصل پارک میں بسنت و میوزیکل فیسٹول میں شریک عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

بسنت و میوزیکل فیسٹول میں خواتین کو چوڑیاں پہنائی گئیں اور مہندیاں تقسیم کی گئیں جبکہ نوجوانوں نے ایم کیوایم کے سہ رنگی پرچم کی پتنگیں بھی ہوا میں اڑائیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حق پرست سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی ، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی فیصل سبزواری ، سلیم بندھانی ، ریحان ظفر نے بھی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کیا ۔انتخابی کارنر میٹنگوں اور بسنت میلے میں نوجوانوں ،بزرگوں ،خواتین اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حق پرست امیدوار کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔

کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ نے کہاکہ حلقہ این اے 246کی نشست پر جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کی نامزدگیاں صرف سیاسی عمل کا ایک حصہ ہے لیکن اس نشست سے فتح حق پرستوں کا مقدر ہی بنے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ این اے 246کے عوام نے ایم کیوایم کی انتخابی کارنر میٹنگوں اور مختلف پروگراموں میں بھر پور شرکت کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ الطاف حسین کے چاہنے والے ہیں اور کسی بھی طرح کے جھوٹے اوربے بنیاد الزامات یہاں کے عوام اور الطاف حسین کا رشتہ ختم نہیں کرسکتے ۔

کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہاکہ ایم کیوایم ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو جمہوری اور سیاسی روایت کا احترام کرتی ہے اور کھلے دن سے دوسری جماعتوں کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتی ہے لیکن یہاں امر باعث افسوس ہے کہ ایم کیوایم کے جائز مینڈیٹ کو بھی دیگر سیاسی جماعتیں تسلیم کرنے کیلئے نہیں ہیں اور اس حوالے سے منفی پروپیگنڈوں میں مصروف رہتی ہیں ۔ انہوں نے کارنر مینگوں کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 23، اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور ثابت کردیں کہ حلقہ انتخاب کے عوام اور الطا ف حسین کا رشتہ کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہوا ہے ۔