Live Updates

وہ دن دور نہیں ، جب پی ٹی آئی کو میانوالی کے عوام بھی مسترد کر دیں گے ۔ گالیوں سے الیکشن نہیں جیتاجاتا ۔ کنور نوید جمیل

پی ٹی آئی بھی جلد ہی اپنے گڑھ سے مسترد کر دی جائیگی ٗ سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 20:19

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) ضمنی انتخاب میں حلقہ این اے 246 سے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے نامزد امیدوار کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں ، جب پی ٹی آئی کو میانوالی کے عوام بھی مسترد کر دیں گے ۔ گالیوں سے الیکشن نہیں جیتاجاتا ۔ جماعت اسلامی منصورہ سے الیکشن ہارجاتی ہے ۔ پی ٹی آئی بھی جلد ہی اپنے گڑھ سے مسترد کر دی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے دوران انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ انتخابات میں فول پروف بنایا جائے گا ۔ ڈی جی رینجرز نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ انتخابات کے موقع پر کشیدگی کا ماحول نہیں ہو گا اور سکیورٹی فول پروف انتظامات ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں ، ان سے درخواست کروں گا کہ کراچی کے تشخص کو برقرار رکھیں اور ایسا رویہ اختیار نہ کریں ، جس سے ظاہر ہوتا ہو کہ وہ کراچی کا حصہ نہیں ۔ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے کبھی الیکشن کے عملے پر اعتراضات کرتے ہیں ۔ کبھی پولیس پر اعتراضات کرتے ہیں ۔ کبھی پولنگ اسٹیشنوں کو جعلی قرار دیتے ہیں ۔

کبھی سکیورٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہیں ۔ اور ان کا اب یہ مطالبہ رہ گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز کراچی سے باہر بنائے جائیں ۔ یہ لوگ پرنٹنگ پریس پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کر چکے ہیں ۔ سکیورٹی اداروں سمیت ہر ادارے پر عدم اطمینان کا اظہار کرنا ہارنے سے قبل واویلا ہے ۔ یہ لوگ 28 سال سے ہار رہے ہیں ۔ اگر 23 اپریل کو بھی ہار جائیں تو کوئی نئی بات نہیں ہو گی ۔ انہیں اداروں کو بدنام نہیں کرنا چاہئے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات