قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں چار مقامات پر 10 سے زائد گھوسٹ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں ٗعمران اسماعیل

ہم نے الیکشن کمیشن کو فہرست اور تحریری درخواست دے دی صوبائی الیکشن کمیشن میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ممبر الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 20:19

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں چار مقامات پر 10 سے زائد گھوسٹ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں ۔ ہم نے الیکشن کمیشن کو فہرست اور تحریری درخواست دے دی ہے ۔ یہ بات قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے صوبائی الیکشن کمیشن میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ممبر الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ حلقے میں چار مقامات پر گھوسٹ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں ، جن میں زبیدہ حاجمانی میں پولنگ اسٹیشنز نمبر 156 اور 157 سٹی کالج میں پولنگ اسٹیشنز نمبر 147 ، 148 ، 149 ، 150 اور 151 ہیں ۔ جس مقام پر سٹی کالج کے پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں ، وہاں پر اس طرح کا کوئی کالج موجود نہیں اور یہاں پر متحدہ قومی موومنٹ کی طلباء تنظیم اے پی ایم ایس او کا دفتر ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح سراج الدولہ کالج ایف سی ایریا میں بھی جعلی پولنگ اسٹیشنز بنایا گیا ہے ۔ میٹرو پولیٹن اسکول نصیر آباد میں نہ صرف جعلی پولنگ اسٹیشنز بنایا گیا ہے بلکہ یہاں پر حقیقی پولنگ اسٹیشنز پر بھی مقامی عملہ ہی تعینات کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ تھا کہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ یہاں نہ کی جائے اور بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ضمنی انتخاب کرائے جائیں ۔

لیکن ان مطالبات کو نہیں مانا گیا ہے ۔ ہم نے ایم کیو ایم کے رویے کی شکایت بھی کی ہے اور یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی رینجرز کی نگرائی میں کرائی جائے اور فارم 14 پر پریزائیڈنگ آفیسر کے دستخط اور انگوٹھے کے نشان بھی لیے جائیں اور ہم نے ایم کیو ایم کی جانب سے علاقے میں لوگوں سے شناختی کارڈ چھیننے کے واقعات کی بھی شکایت کی ہے ۔