وزیراعلیٰ شہبازشریف سے مری میں چین کی سرکاری و نجی سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلی حکام کی ملاقات

توانائی کیساتھ ٹرانسپورٹ،کان کنی، انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں میں بھی تعاون کریں گے‘چینی وفد کی یقین دہانی ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاورپلانٹس کے منصوبے توانائی بحران کے خاتمے میں سنگ میل ثابت ہوں گے چین کے صدر کا دورہ پاکستا ن میں ترقی اور معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا‘شہبازشریف‘وزیراعلیٰ شہبازشریف کی چینی وفد سے گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مری میں چین کی سرکاری و نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلی حکام نے ملاقات کی،جس میں پاکستان بالخصوص پنجاب میں توانائی،ٹرانسپورٹ،انفراسٹرکچر اورمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے صدر کا دورہ پاکستان کے لئے تاریخ ساز اہمیت کا حامل ہے ۔

یہ دورہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے عظیم الشان منصوبے کے علاوہ چین کے تعاون سے پاکستان میں زیر تکمیل منصوبوں میں تیزی لائے گا۔پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ چین کی جانب سے پاکستان کیلئے اتنے بڑے معاشی منصوبوں کا اعلان کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے بڑے چینی منصوبوں کا سہراچین کے صدرووزیراعظم اور پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف کے سر ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ اقتصادی و معاشی تعاون کی نئی تاریخ رقم کررہا ہے اوراس ضمن میں چین کے صدر کا دورہ اسلام آباد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چین کے صدر کے دورہ پاکستا ن میں ترقی اور معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگااورپاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے مخلص ترین دوست چین کے تعاون سے ملک سے اندھیرے دور کرے گی اور ترقی اورخوشحالی کا جس کا سفر کا آغاز ہورہا ہے اسے محنت اورجذبے کے ساتھ مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کے دوران صرف توانائی سیکٹر میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوں گے۔ پاکستان کی تاریخ میں اتنی غیر معمولی سرمایہ کاری کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، یہ اپنی نوعیت کے منفرد معاہدے ہیں۔انہوں نے کہا کہساہیوال میں کوئلے سے چلنے والا بجلی کا پراجیکٹ پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں ایک انقلابی اقدام ہے ۔

چین کی کمپنیوں کی جانب سے ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاورپلانٹس کے منصوبے توانائی بحران کے خاتمے میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔ ساہیوال کول پاورپلانٹس کے منصوبے 2017ء کے اختتام تک بجلی پیداکررہے ہوں گے۔ پاکستان کی تاریخ میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے کارخانے لگانے کا یہ ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جسے تیزرفتاری سے مکمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہمارا ہاتھ تھاما ہے اورہم چین کی ٹیکنالوجی ،تجربے اورمہارت بھر پور استفادہ کریں گے۔

چین کے وفد کے اراکین نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے اعلی سطح کے وفد کاپاکستان آنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ چینی کمپنیاں پاکستان کے ساتھ سنجیدگی کے ساتھ تعاون کررہی ہیں اورہم پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔چینی وفد نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ توانائی کے ساتھ ٹرانسپورٹ،کان کنی، انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں میں بھی تعاون کریں گے۔

متعلقہ عنوان :