بھارت کا 200رکنی دستہ پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں شرکت کرے گا

فیسٹیول میں کھیلوں کے مقابلے پنجاب کے مختلف شہروں میں منعقد کئے جائیں گے، کرکٹ،ہاکی، فٹ بال، کبڈی، ریسلنگ اور دیگر کھیل شامل ہیں

ہفتہ 18 اپریل 2015 19:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام 20تا28مئی تک ہونیوالے پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کیلئے بھارت نے 2سو کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل دستہ کی شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ دستہ میں بھارت کی نیشنل اور پنجاب کی ٹیمیں شریک ہوں گی، دستہ میں کبڈی ( مر د و خو ا تین ) ، ہا کی ( مر د و خو ا تین ) ، کر کٹ (مردوخواتین)، جوڈو(مردوخواتین)، ریسلنگ ، کرکٹ فیزیکل ہینڈی کیپ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے ایونٹس پنجاب کے مختلف شہروں میں منعقد کئے جائیں گے۔ہاکی مردوں اور خواتین کے پول میچز لاہور، سرگودھا اور بہاولپور میں ، سیمی فائنل لاہور اور سرگودھا ، فائنل لاہور میں ہوگا۔کبڈی(سرکل سٹائل) مردوں کے پول میچز مظفرگڑھ، وہاڑی، ساہیوال، ننکانہ صاحب میں ، سیمی فائنل گجرات، گوجرانوالہ اور فائنل فیصل آباد میں ہوگا۔

(جاری ہے)

کبڈی(ایشیئن سٹائل ) کے مقابلے چناب کلب فیصل آباد میں ہوں گے، کبڈی (سرکل سٹائل) وومن کے مقابلے مظفر گڑھ، ساہیوال ، سیمی فائنل لاہور اور گوجرانوالہ جبکہ فائنل فیصل آباد میں ہوگا۔میٹ ریسلنگ کے مقابلے ملتان، فری سٹائل ریسلنگ لاہور، ہینڈ بال کے ایگریکلچرل یونیورسٹی فیصل آباد، رگبی کے لاہور، مکس مارشل آرٹس کے لاہورمیں منعقد ہوں گے۔

فٹ بال کے پول میچز بہاولنگر اور ڈی جی خان، سیمی فائنل لاہور اور ڈی جی خان جبکہ فائنل لاہور میں ہوگا۔پولو کے میچز لاہور میں ہوں گے ۔کرکٹ کے مردوں کے پول میچز شیخوپورہ، ملتان، راولپنڈی، سیمی فائنل اور فائنل لاہور میں منعقد ہوں گے۔ کرکٹ وومن کے پول میچز گجرات ، لاہور، سیمی فائنل اور فائنل لاہور میں ہوں گے۔ ریسلنگ مردوں وخواتین کے مقابلے پنجاب یونیورسٹی میں ہوں گے۔ بلائنڈ کرکٹ کے میچز گجرات اور راولپنڈی میں ہونگے، پینٹاتھلون اور فٹ سال کے مقابلے لاہور میں ہوں گے، جوڈو مینز اور وومنز کے مقابلے راولپنڈی میں منعقد ہوں گے۔ فسٹ بال کے مقابلے یونیورسٹی آف لاہور میں ہوں گے۔ پنجاب انٹرنیشنل ہل میراتھن ریس اور فیملی فن ریس مری میں منعقد کی جائے گی۔