آئندہ صوبائی بجٹ میں نہروں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ کسانوں کے آبی مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائیگی‘صوبائی وزیر آبپاشی

محکمہ آبپاشی بیراجوں کی تعمیر نو اور نہروں کی لائننگ کے منصوبہ جات پر عملدرآمد کروا رہی ہے ‘ میاں یاور زمان کی اپنی رہائشگاہ پر کسانوں سے گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میا ں یاور زمان نے کہا ہے کہ آئندہ صوبائی بجٹ میں نہروں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ کسانوں کے آبی مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی تا کہ تمام کسان نہری پانی مساویانہ بنیادوں پر حاصل کر سکیں ۔یہ بات انہوں نے لوئر باری دوآب کینال ایریا واٹر بورڈ کے کسانوں سے اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

وفد کی قیادت ایل بی ڈی سی ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین سردار ٹیپو عثمان خان کر رہے تھے۔ اس موقع پر محکمہ آبپاشی و پیڈا کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ پنجاب حکومت اریگیشن سیکٹر کی تعمیر نو کے لئے میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد کروا رہی ہے تا کہ نہری پانی کے ضیاع سے بچا جا سکے اور یہ پانی بہتر زری پیداوار کے حصول میں استعمال ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی بیراجوں کی تعمیر نو اور نہروں کی لائننگ کے منصوبہ جات پر عملدرآمد کروا رہی ہے جن کی تکمیل سے کسانوں کے آبی مسائل کم کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت آئندہ بجٹ میں آبپاشی کے شعبے میں وسیع انویسٹمنٹ کا ارادہ رکھتی ہے تا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کا نہری ڈھانچہ دیر پابنیادوں پر کسانوں کی خدمت کے قابل ہو ۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ میں کسانوں کی عملی تربیت کے لئے وسائل کا بندوبست بھی کیا جائے گا تا کہ کسان تنظیمیں نظام آبپاشی کے تکنیکی و آپریشنل امور پر دسترس حاصل کر کے انہیں بہترانداز میں چلانے کے قابل ہو سکیں۔آبپاشی کے وزیرمیاں یاور زمان نے کسان برادری کو آبپاشی کی جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی ترغیب بھی دی تا کہ پاکستان کا کسان دنیا کے ساتھ چل سکے ۔

متعلقہ عنوان :