عوام کنٹونمنٹ بورڈ میں اچھے افراد کے حامل افراد کو منتخب کریں‘میاں مقصوداحمد

رابطہ مہم، وقت اور موجودہ حالات کا عین تقاضا ہے ‘امیرجماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 18 اپریل 2015 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء )امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ عوام کنٹونمنٹ بورڈ میں اچھے افراد کے حامل افراد کو منتخب کریں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عوام کے پاس اب ایک اچھا موقع ہے کہ وہ کنٹونمنٹ بورڈ میں صاف ستھر ے کردار کے حامل افراد کو آگے لائیں جو منتخب ہو کر عوام کے مسائل حل کریں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے افراد تعلیم یافتہ، قابل ،ایمانداراور نڈر ہیں ،تحمل اور عوامی خدمت کی سیاست جماعت اسلامی کی پہچان رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد کنٹونمنٹ کے علاقے میں عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع مل رہا ہے امید ہے کہ عوام سوچ سمجھ کر ووٹ کا استعمال کریں گے خدمت خلق کے جذ نے سے سرشار اور دیانتدار افراد کا انتخاب ہی مسائل کو حل کرنے کی طرف پہلا قدم ہو گا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے تحت رابطہ عوام مہم وقت اور موجودہ حالات کا عین تقاضا ہے ، پنجاب بھر سے لاکھوں افراد کی شرکت خوش آئند بات ہے اور جماعت اسلامی کے کارکنا ن بھر پور محنت کے ساتھ اپنے کام کو سرانجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی تک اسلامی پاکستان کا خواب ممکن نہیں ، جہاں امن تباہ ہو جائے ، حقدار کو حق نہ ملے ، باڑکھیت کو کھا جائے ، خیر کے راستے مسد ود اور برائی سرعام ہو وہ معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،جماعت اسلامی کی قیادت انسانیت اور اسلام کے نام پر معاشرے کو منظم اور متحد کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر لگانا چاہتی ہے۔