پی جی ایم آئی کانووکیشن، فل ڈریس ریہرسل میں ڈاکٹروں نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا

20اپریل کو کانووکیشن میں کامیاب ڈاکٹرز اپنی محنت کا صلہ ڈگریوں اور میڈلز کی صورت میں وصول کرینگے

ہفتہ 18 اپریل 2015 19:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے کانووکیشن 2015ء کی تیاریاں مکمل ۔ تقریب کے انتظامات کو فول پروف بنانے کے علاوہ اسے بہترین انداز میں منعقد کرنے کے لئے ہفتہ کو باضابطہ طور پر فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد۔ پرنسپل پی جی ایم آئی و امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر انجم حبیب وہرہ کی نگرانی میں ہونے والی ریہرسل میں فیکلٹی ممبران اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق 20اپریل کو ہونے والے کا نو وکیشن کے سلسلے میں مقامی ہوٹل میں مسلسل کئی گھنٹے تک کی فل ڈریس ریہرسل میں شرکاء کی جانب سے بھرپور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا گیا۔پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی جی ایم آئی نے جدید میڈیکل تعلیم سے آراستہ ہزاروں معالجین پیدا کئے جو دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کے علاوہ تدریسی فرائض بھی سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈگریاں اور میڈلز لینے والے سپیشلائز ڈاکٹروں کے کاندھوں پر اب صحیح معنوں میں دکھی انسانیت کی بھاری خدمت کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ان معالجین کو دور دراز علاقوں میں بنیادی مراکز صحت سے لیکر ٹیچنگ ہسپتالوں تک اپنی خدمات کے دائرے کو وسیع کرنا ہوگا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جس طرح ریہرسل میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا گیا ہے کل بروز سوموار 20اپریل کو کانووکیشن کی تقریب بھی اسی طرح احسن طریقہ سے انجام پائے گی اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ہاتھوں اپنی محنت کا صلہ پانے کے بعد مختلف شعبوں میں پوسٹ گریجوایشن اور ڈپلومہ کورسز میں کامیاب ڈاکٹرز فیلڈ میں اپنی صلاحیتوں اور ہنر کا بھرپور استعمال کریں گے۔