فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کیلئے مائیکرو چپس ، کومبنگ آپریشن کیلئے بائیو میٹرک مشینوں کی فراہمی اگلے ہفتے سے شروع ہو گی‘ صوبائی وزیر داخلہ

مائیکرو چپس اور بائیو میٹرک مشینیں مرحلہ وار ملیں گی،فورتھ شیڈول میں شامل 600افراد کے روپوش ہونیکی اطلاعات درست نہیں ‘ شجاع خانزادہ

ہفتہ 18 اپریل 2015 19:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء)صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت سے آگاہی کے سلسلہ میں مائیکرو چپس اور کومبنگ آپریشن کیلئے بائیو میٹرک مشینوں کی مرحلہ وار فراہمی اگلے ہفتے سے شروع ہو جائے گی ، مائیکرو چپس کے ذریعے نگرانی کا منصوبہ بننے کے بعد فورتھ شیڈول میں شامل 600افراد کے روپوش ہونے کی اطلاعات قطعاًدرست نہیں ۔

گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ فورتھ شیڈول میں شامل تقریباً1132میں سے 800سے زائد افراد کو تو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ باقی جو رہ گئے ہیں انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا ۔600افراد کے روپوش ہونے کی اطلاعات درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت کے لئے مائیکرو چپس اگلے ہفتے سے 100 کے حساب سے مرحلہ وار ملیں گی جسے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے پاؤں میں لگایا جائیگا۔

(جاری ہے)

جبکہ کومبنگ آپریشن کے دوران مشکوک افراد کی نشاندہی کے لئے ایک ہزار بائیو میٹرک مشینیں بھی منگوائی جارہی ہیں اور یہ بھی مرحلہ وار ملیں گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے اپنے وسائل سے بڑھ کر اقدامات اٹھا رہی ہے ،انشا اﷲ اس جنگ میں قوم کو جلد فتح نصیب ہو گی۔