ضمنی انتخاب کے موقع پرتکنیکی وجوہات اور وقت کی کمی کے باعث بائیومیٹرک نظام نافذنہیں کیا جاسکتا ٗسیکرٹری الیکشن کمیشن

ضمنی انتخاب کے موقع پر تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ممکن نہیں ہے ٗبابریعقوب فتح محمد بائیو میٹرک نظام لگایا گیا تو رجسٹرڈ ووٹر بھی ووٹ دینے سے محروم ہوجائے گا ٗچیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن کا موقف

ہفتہ 18 اپریل 2015 19:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہاہے کہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے موقع پرتکنیکی وجوہات اور وقت کی کمی کے باعث بائیومیٹرک نظام نافذنہیں کیا جاسکتاہے۔اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی ممکن نہیں ہے۔ ضمنی انتخاب کے موقع پر ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمدکرایا جائے گا۔

چیف سیکرٹری سندھ نے کہاہے کہ نادرا کا سسٹم اپ ڈیٹ نہیں ہے جبکہ آئی جی سندھ کاکہناہے کہ ضمنی انتخاب کے لیے سیکورٹی پلان تیارکرلیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ246 کے ضمنی انتخاب کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں ہفتہ کو قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی سربراہی میں صوبائی الیکشن کمیشن آفس میں اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں امن وامان کی صورتحال اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن، ممبر الیکشن کمیشن سندھ جسٹس (ر)روشن عیسانی،آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی ، ڈی جی رینجرز کے نمائندہ بریگیڈر خرم شہزاد اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔پولیس اور رینجرز کی جانب سے این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے لئے دی گئی تجاویز پرغور کیا گیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب فتح محمد نے کہاکہ ضمنی انتخاب کے موقع پرتکنیکی وجوہات اور وقت کی کمی کے باعث بائیومیٹرک نظام نافذنہیں کیا جاسکتاہے اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے اجلاس کے شرکا کو ہدایات کیں کہ این اے 246 کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل ہونا چاہیئے ۔ پولنگ کا عملہ اور انتخابی سامان بر وقت پولنگ اسٹیشنز پر پہنچایا جائے ، اجلاس میں ڈی جی رینجرز کے نمائندے خرم شہزاد نے یقین دہانی کرائی کہ انہیں جو ٹاسک دیا گیا ہے اس کو مکمل کریں گے ۔

پولنگ کے تمام عمل کی مانیٹرنگ بھی کریں گے ۔چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن نے موقف اختیار کیا کہ بائیو میٹرک نظام لگایا گیا تو رجسٹرڈ ووٹر بھی ووٹ دینے سے محروم ہوجائے گا۔ آئی جی سندھ غلام حیدرنے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر کی سیکیورٹی رینجرز کے سپرد ہوگی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے کوئیک ریسپانس فورس اور ایس ایس یو پر مشتمل اہلکاروں پر ریزرو فورس بنائی گئی ہے۔

سیکیورٹی کے پیش نظر پولنگ کے انتخابی سامان کی ترسیل کا کام 24 گھنٹے پہلے رینجرز کی نگرانی میں کیا جائیگا۔آئی جی سندھ نے کہا کہ این اے 246 کے تمام پولنگ اسٹیشنز حساس ہیں ۔ الیکشن کے لیے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے ۔انتخاب کے دن شہر بھر میں 4000 پولیس اہلکار جبکہ این اے 246 میں 3000 اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔ انشا اﷲ الیکشن پر امن ہوگا۔

قبل ازیں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب فتح محمد نے ضمنی انتخاب کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے کا حلقے کادورہ کیا جہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا حلسے میں سیکیورٹی کے انتظامات سے مطمئن ہوں ، پورے حلقے کا دورہ کیا ہے اور ضمنی انتخاب کے لیے سیکورٹی انتظامات کافی بہترہیں۔ دورے کے موقع پرضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلی حکام بھی بابر یعقوب فتح محمد ملک کے ہمرا تھے۔

واضح رہے کہ رینجرز حکام نے الیکشن کمیشن سے این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخاب کرانے کی درخواست کی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے فوری طور پر بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے انتخاب کو ناممکن قرار دے دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :