لیسکونے 45 ویں سالانہ واپڈا انٹر یونٹ کھیلوں کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

فیسکو نے دوسری جبکہ گیپکو نے تیسری پوزیشن حاصل کی، واپڈا ہاؤس میں تقریبِ تقسیمِ انعامات، چیئرمین واپڈا مہمانِ خصوصی تھے کھیلوں کے فروغ کیلئے واپڈا سپورٹس بورڈ کا بجٹ بڑھانے کا فیصلہ، چیئرمین واپڈا ظفر محمود کا تقریب میں اعلان واپڈا ٹیلنٹ ہنٹ سکیم میں اتھلیٹکس کو ترجیح دی جائے گی، خواتین کیلئے زیادہ مواقع پیدا کئے جائیں گے‘ چیئرمین واپڈا ملک میں پانی اور بجلی کی بچت کا شعور پیدا کرنے کیلئے واپڈا کھلاڑیوں کو برانڈایمبیسڈر مقرر کرنے کا اعلان

ہفتہ 18 اپریل 2015 18:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) واپڈا کے45 ویں سالانہ انٹریونٹ کھیلوں کے مقابلوں کے حوالے سے انعامات تقسیم کرنے کی تقریب واپڈا آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا اہتمام واپڈا سپورٹس بورڈ نے کیا تھا۔چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف ظفر محمود تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ منیجنگ ڈائریکٹر(ایڈمنسٹریشن) اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر یوسف نسیم کھوکھر، ممبر(واٹر) محمد شعیب اقبال، ممبر(پاور) بدرالمنیر مرتضیٰ، ممبر(فنانس) انوارالحق، لیسکو، فیسکو اور گیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ، پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود، جنرل منیجر(سپورٹس) واپڈا محمد ظفر کے علاوہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی بڑی تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔

لیسکو نے 45 ویں سالانہ واپڈا انٹریونٹ کھیلوں کے مقابلوں میں پہلی جبکہ فیسکو نے دوسری اور گیپکو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین واپڈا نے پوزیشن حاصل کرنے والی کمپنیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 45 ویں سالانہ واپڈا انٹریونٹ میں کھیلوں کے مجموعی طور پر 30 مقابلے منعقد ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ کھیل دنیا بھر میں قوموں کی یکجہتی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

جنوبی افریقہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے کھیلوں کے ذریعے اپنے ملک میں بسنے والی متنو ّع اقوام کو متحدکیا۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ان کا ادارہ 1960 ء سے ملک میں کھیلوں کی سرپرستی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنے کردار کو موثر طور پر جاری رکھے گا۔ واپڈا نے کھیلوں کیلئے مختص فنڈز میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد اس حوالے سے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

واپڈا کھیلوں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کیلئے اپنے سپورٹس بورڈ کے ذریعے انہیں زیادہ مواقع مہیا کرے گا۔ واپڈا ٹیلنٹ ہنٹ سکیم میں اتھلیٹکس کو ترجیح دی جائے گی کیونکہ اتھلیٹکس میں دوسرے کھیلوں کی نسبت لڑکیوں کیلئے آگے بڑھنے کے زیادہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے واپڈا کے کھلاڑیوں کو پاکستان میں پانی اور بجلی کی بچت کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کیلئے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد بھی پیش کی۔اپنے خیرمقدمی کلمات میں واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر نے قومی کھیلوں میں واپڈا کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ واپڈا اس وقت 28 کھیلوں میں قومی چمپیئن اور 16 میں رنرزاپ ہے جبکہ 8 کھیلوں میں واپڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :