نیو کراچی ، بلدیہ اور نارتھ کراچی سمیت کئی علاقوں کو کربلا بنادیا گیا ہے‘کئی علاقے ایسے ہیں جہاں دودوسال سے پانی نہیں آرہاہے لیکن پانی اور بجلی کا بل باقاعدگی سے آتا ہے ‘ انتظامیہ کے پاس گھروں کے استعمال کے لیے پانی موجود نہیں ہے مگر ٹینکرزمافیاکو باقاعدگی سے پانی ملتا ہے‘ کراچی واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیاہے

مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کراچی سیف اللہ اور یوسف بھوپالی سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے نیو کراچی ،نارتھ کراچی اور بلدیہ سمیت کئی علاقوں کو کربلا بنادیا گیا ہے ۔ نیوکراچی سمیت کراچی کے کئی علاقے ایسے ہیں جہاں دودوسال سے پانی نہیں آرہاہے لیکن پانی اور بجلی کا بل باقاعدگی سے آتا ہے اور عوام اسے ادا کرنے پر مجبور ہے ،انتظامیہ کے پاس گھروں کے استعمال کے لیے پانی موجود نہیں ہے مگر ٹینکرزمافیاکو باقاعدگی سے پانی فراہم کیا جاتاہے جو اپنے من مانے مہنگے داموں پانی کو فروخت کررہے ہیں جس سے ٹینکرز مافیااور انتظامیہ کی ملی بھگت اور عوام کے خلاف مزموم سازش کا پتہ چلتا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں گزشتہ روز نائب صدر سندھ اور کراچی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سیف اللہ خان اور ڈسٹرکٹ سنٹرل کے صدر یوسف بھوپالی کے ساتھ آئے ہوئے وفد سے ملاقات میں کیا،جس میں دونوں عہدیداران کی جانب سے صوبائی صدر کو کراچی میں پانی کی بندش اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سمیت دیگر عوامی مسائل سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

حلیم عادل شیخ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کراچی واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیاہے ،کئی کئی علاقے گھنٹوں پانی اور بجلی سے محروم ہیں، حکومت سندھ عوامی مسائل کے حل میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے ۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عوام کو حکمرانوں کے دعوے نہیں بلکہ کارکردگی کی ضرورت ہے عوام کے سامنے قدم قدم پر پہاڑ جیسی مشکلات کا سامنا ہے ،جس کی وجہ سے عوام میں مایوسی اس قدر برھ گئی ہے کہ وہ جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکمرانوں کو بدعائیں دینے پر مجبور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کے اس نظام کو ختم کرنے کے لیے ہم سب کو ملکر جدوجہد کرنا ہوگی کیونکہ موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے ملک تباہ ہونے کے قریب ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں دیکھو حکومت نے ظلم کی داستانوں کے ڈھیر لگارکھے ہیں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ،حکمرانوں کی بداعمالیوں کی سزا عوام کو نہیں ملنی چاہیے یہ کہاں کاانصاف ہے کہ امیر کا بچہ تو د نیا کے ہرسکھ سے فیض اٹھائے اور غریب کا بچہ پانی کی ایک بوند کو ترستا رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس ظلم کے نظام کے خلاف آواز بلندکررکھی ہے جس کے لیے عوام کو بھرپور انداز میں ہمارا ساتھ دیناہوگا۔