Live Updates

سیکیورٹی پرنٹنگ پریس سے بیلٹ پیپرز چوری ہونے کا خدشہ ہے، بیلٹ پیپرز کراچی سے باہر کسی اور پریس سے چھپوانے چاہئیں تھے، رینجرز پولنگ اسٹیشن پر گنتی کے عمل تک موجود رہے

تحریک انصاف کے حلقہ این اے 246 امیدوار عمران اسماعیل کی سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 17:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) کراچی کے حلقہ این اے 246میں تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے سیکیورٹی پرنٹنگ پریس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی پرنٹنگ پریس سے بیلٹ پیپرز چوری ہونے کا خدشہ ہے، بیلٹ پیپرز کراچی سے باہر کسی اور پریس سے چھپوانے چاہئیں تھے، رینجرز پولنگ اسٹیشن پر گنتی کے عمل تک موجود رہے۔

وہ ہفتہ کو سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ہونے والی ملاقات میں ہم نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ کراچی کے ضمنی الیکشن کیلئے بیلٹ پیپرز باہر سے چھپوانے تھے کیونکہ یہاں پر ہمیں تشویش ہے کہ کراچی میں بیلٹ پیپرز چھپتے وقت سیکیورٹی پرنٹنگ پریس سے چوری ہو سکتے ہیں، اس لئے یہ یہاں سے نہیں چھپنے چاہیے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکیورٹی الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ رینجرز پولنگ کا وقت ختم ہونے کے فوراً بعد نہ جائے بلکہ گنتی مکمل ہونے تک پولنگ اسٹیشن پر رہے اور پریزائڈنگ آفیسرز باہر سے بلوائے جائیں، یہ بات ہماری نہیں مانی گئی اور ہم نے سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ایم کیو ایم کے برتاؤ کی شکایت کی ہے انہیں بتایا ہے کہ ہماری ریلیوں پر ہر روز پتھراؤ کیا جاتا ہے، ہمارے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے وقت کی کمی کے باعث بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات