چین کے صدر کادورہ تاریخ ساز ہوگا، توانائی کے شعبے میں20 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوں گے ، اربوں ڈالر کے معاہدوں کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی ،چینی صدر کے دورے سے پاک چین معاشی و اقتصادی تعاون مضبوط ہوگا ، 2017 کے آخر تک توانائی کے متعدد منصوبے مکمل ہو جائینگے، چین کے غیر معمولی اقتصادی پیکیج کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے وزیراعلیٰ پنجاب کی چنگ ڈو کے میئر سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 17:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ چین کے صدر کادورہ تاریخ ساز ہوگا، توانائی کے شعبے میں20 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوں گے ، اربوں ڈالر کے معاہدوں کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی، پاک چین دوستی کے حوالے سے معاہدے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں،چینی صدر کے دورے سے پاک چین معاشی و اقتصادی تعاون مضبوط ہوگا ،چین پاکستان کے ساتھ عظیم الشان معاشی و اقتصادی تعاون کا مظاہرہ کر رہا ہے،ماضی میں جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،2017 کے آخر تک توانائی کے متعدد منصوبے مکمل ہو جائینگے، چین کے غیر معمولی اقتصادی پیکیج کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

وہ ہفتہ کویہاں چین کے شہر چنگ ڈو کے مئیر ٹانگ لیانگ ژی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے،جس میں لاہور اور چنگ ڈو کو جڑواں شہر قرار دینے، پاک چین دوستی کے فروغ، دو طرفہ تعاون بڑھانے اور دیگراہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے صدر انتہائی اہم دورے پر پاکستان آ رہے ہیں۔

دورے کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوں گے، جس میں صرف توانائی کے شعبہ میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اہم معاہدے شامل ہیں- پاکستان کی تاریخ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ پاک چین دوستی کے حوالے سے یہ معاہدے ایک تاریخی حیثیت رکھتے ہیں۔چین کے صدر کے دورے سے پاکستان اور چین کے مابین معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعاون مضبوط ہوگا۔

ہم چین کی سرمایہ کاری کو پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی اور توانائی بحران سے نجات دلانے میں معاون اور مدد گارسمجھتے ہیں-چین کا غیر معمولی تعاون پاکستان کیلئے ایک تحفے سے کم نہیں۔چین پاکستان کے ساتھ عظیم الشان معاشی و اقتصادی تعاون کا مظاہرہ کر رہا ہے،جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دنیا کے دو بہترین اور مخلص دوست ہیں۔

دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے بلند اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ چین ہر مشکل کی گھڑی میں چٹان کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے توانائی بحران کے حل کیلئے جتنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں، اس کی مثال نہیں ملتی۔

چین کے تعاون سے توانائی کے متعدد منصوبے 2017 تک بجلی کی پیداوار شروع کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر اعلیٰ معیار، شفافیت اور تیز رفتاری سے کام کیا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ چین کے صدر کے دورے کے دوران لاہور اور چین کے شہرچنگ ڈو کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ بھی ہوگا۔ اس معاہدے سے دونوں شہروں کے مابین سیاحت، تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں شہروں کو جڑواں قرار دینے سے دو طرفہ معاشی تعاون بڑھے گا- وزیراعلی نے چنگ ڈو اور لاہور شہر کے مابین ڈائریکٹ فلائٹ سروس شروع کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، سیاحت، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیئے جائیں جو ڈائریکٹ فلائٹ سروس شروع کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اقدامات کریں- انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ بھی جلد مکمل کریں گے- انہوں نے کہا کہ چین کا پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون لائق تحسین ہے اور توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بھی چین کی قیادت اور حکومت فراخدلانہ تعاون فراہم کر رہی ہے- توانائی کے منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل اگرچہ چینی سرمایہ کاروں اور پاکستان کی حکومت کیلئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے تاہم اس چیلنج سے بطریق احسن عہدہ برآ ہوں گے اور 2017 کے آخر تک توانائی کے متعدد منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے- انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کے دورے کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی اور پاکستان کے عوام چین کے اس تعاون و غیر معمولی اقتصادی پیکیج کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے- انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو چین کی دوستی پر فخر ہے اور پورا پاکستان اپنے مخلص دوست ملک کے صدر کیلئے چشم براہ ہے۔

چین کے صدر کے دورے کے دوران طے پانے والے معاہدوں سے پاک چین دوستی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا- چینی شہر چنگ ڈو کے مئیر ٹانگ لیانگ ژی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان بھائی چارے اور لازوال دوستی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔چنگ ڈو اور لاہور کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے سے باہمی تعلقات کو نئی جہت ملے گی اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون فروغ پائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں پہلی دفعہ پاکستان آیا ہوں اور لاہور شہر کی خوبصورتی اور ترقی کو دیکھ کر بے حد متاثر ہوا ہوں- مئیر چنگ ڈو نے وزیراعلیٰ پنجاب کو چنگ ڈو کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کو چین میں” مین آف ایکشن“ کہا جاتا ہے اور انہوں نے اپنے صوبے کو مثالی ترقی دی ہے۔لاہور میں چین کے قونصل جنرل یو بورن ، صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، ایم این اے محمد پرویز ملک، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز لوکل گورنمنٹ، صنعت، ہائیرایجوکیشن،اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔