گندم خریداری مہم ،کاشتکاروں کو باردانہ کی فراہمی کا آغاز (پرسوں )سے ہوگا

گندم خریداری مہم کی شفافیت کیلئے ہر ضلع میں فراہم کئے جانیوالے باردانے پر الگ الگ کوڈ تحریر ہوگا

ہفتہ 18 اپریل 2015 17:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء )محکمہ خوراک کی طرف سے گندم خریداری مہم کے سلسلہ میں کاشتکاروں کو باردانہ کی فراہمی کا آغاز ( پیر) سے ہوگا ۔ کسانوں کو تین مرحلوں میں باردانہ کی فراہمی کی جائے گی ،گندم خریداری مہم کی شفافیت کیلئے ہر ضلع میں فراہم کئے جانیوالے باردانے پر الگ الگ کوڈ تحریر ہوگا۔ بتایاگیا ہے کہ پہلے 15روز میں 70فیصد ، دوسرے 15روز میں 20فیصد اور آخری 10روز میں 10فیصد باردانہ تقسیم کیاجائیگا ۔

باردانہ کی تقسیم شفاف بنانے کیلئے کاشتکاروں سے فون کالز اور ایس ایم ایس کے ذریعے بھی تصدیق کی جائے گی۔ کاشتکاروں کی شکایات کے ازالہ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ڈویژنل و ضلعی سطح پر شکایات سیل فعال رہیں گے جبکہ ٹال فری نمبر 0800-02345 پر بھی شکایات درج کروائی جا سکیں گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک نے گندم خریداری مراکز پر پہلے آئیے پہلے پائیے کی پالیسی نافذ کی ہے تاہم چھوٹے کاشتکاروں سے گندم خریداری کو ترجیح دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔

گندم خریداری مراکز کے انچارج روزانہ خرید کی جانے والی گندم کی رپورٹ محکمے کو ارسال کرنے کا پابند ہوں گے۔ علاوہ ازیں محکمہ خوراک نے گندم خریداری مہم میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ضلع میں تقسیم کئے جانے والے باردانے پر الگ الگ کوڈ تحریر ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ کسانوں سے گندم خریدنے کیلئے فراہم کئے جانیوالے باردانے پر کوڈ لگانے کا مقصد ایک ضلع کے باردانے کا دوسرے ضلع میں استعمال کے اقدام کو روکنا ہے جبکہ اسکے علاوہ اس سے دیگر معاملات میں بھی شفافیت آئے گی ۔