چنگ ڈو کے میئر ٹانگ لیانگ ژی نے لاہور میں مصروف دن گزارا

میئر چنگ ڈو نے وفدکے ہمراہ تاریخی عمارات بادشاہی مسجد،شاہی قلعہ اورعجائب گھر کا دورہ کیا چینی سفیر نے اتفاق اسٹیشن سے مینار پاکستان تک میٹروبس میں سفر کبھی کیا

ہفتہ 18 اپریل 2015 17:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) چین کے شہرچنگ ڈو کے میئر ٹانگ لیانگ ژی نے اپنے وفد کے ساتھ میٹرو بس میں اتفاق اسٹیشن سے مینار پاکستان اسٹیشن تک سفر کیا۔ اس موقع پر ڈی سی او لاہور عثمان یونس بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے چینی میئر کو میٹروبس منصوبے اور میٹرو کوریڈور کے اطراف میں واقع تاریخی عمارات ایم اے او کالج بلڈنگ، سول سیکرٹریٹ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور داتا دربار کے بارے میں چینی میئر کو آگاہ کیا۔

چینی میئر ٹانگ لیانگ ژی نے شہریوں کو جدید اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جس تندہی اور لگن سے صوبہ کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔چین کے شہر چنگ ڈو کے میئر ٹانگ لیانگ ژی نے وفد کے ہمراہ بادشاہی مسجد ، شاہی قلعہ اور لاہور عجائب گھر کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر لاہور عبداللہ سنبل، سیکرٹری اوقاف شہر یار سلطان اور دیگر سرکاری افسران موجود تھے۔سیکرٹری اوقاف شہر یار سلطان نے چینی وفد کو بادشاہی مسجد کے تاریخی پس منظر اور اہمیت سے آگاہ کیا۔بعد ازاں لاہور عجائب گھر کے دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر عجائب گھر سمیرا صمد نے وفد کو میوزیم اور اس میں موجود نوادرات بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔چینی وفد نے تاریخی نوادرات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔بعدازاں چین کے شہر چنگ ڈو کے میئر لیانگ ژی نے گورنر ہاؤس میں ظہرانے میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :