قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال سے چین کے صوبہ چنگ ڈو کے میئر ٹانگ زیانگ ژی کی ملاقات

چینی صدر کادورہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو استحکام دے گا،پاکستان میں معاشی انقلاب کا نیا آغاز ہو گا‘ رانا محمد اقبال

ہفتہ 18 اپریل 2015 17:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال خاں نے کہاہے کہ پاکستان اور چائنہ کے تعلقات ‘دوستی کے باب میں شاندار تاریخ رقم کر رہے ہیں اور ہر آڑے وقت میں دونوں کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر اور ان تعلقات کی وسعت سرحدوں سے نکل کر دلوں تک پھیلتی جار ہی ہے ۔ نے چین کے صوبہ چنگ ڈو کے میئر ٹانگ زیانگ ژی سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں اپنے سات رکنی وفد کے ہمراہ گورنر پنجاب سے ملاقات کی ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ چین کے صدر ژی جن پنگ کا20 اپریل سے شروع ہونے والا دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید استحکام دے گابلکہ اس دورے سے پاکستان میں معاشی انقلاب کا نیا آغاز بھی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید نکھارنے ، بڑھانے اور سنوارنے میں وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا کلیدی کردار ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مثالی تعاون کی نظیر کہیں نہیں ملتی اور اس تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئے شعبوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے ، خصوصا چین کی طرف سے پاکستان میں توانائی کے بحران کے حل کے لیے منصوبوں کا آغاز اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے میگاپراجیکٹس کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے۔اس موقع پر میئر ٹانگ زیانگ ژی نے کہا کہ چائنہ نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی ، خوشحالی اور استحکام کو اپنی ترجیحات میں اولین رکھا ہے اور وہ پاکستان کو معاشی طور پر ایک مضبوط ملک دیکھنے کا خواہاں ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ چائنہ کی عوام پاکستانیوں سے بے پناہ محبت کر تی ہے اور انہیں ایک فیملی کی طر ح تصور کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور شہر مختلف حوالوں سے تاریخی حیثیت رکھتاہے اور انہیں اس شہر میں آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے خصوصااہل لاہور کی مہمان نوازی دیکھ کر وہ بہت محظوظ ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور اور چنگ ڈو کے درمیان بہت سی اقدار مشترک ہیں اور دونوں شہروں کے درمیان معاہدے سے ایک دوسرے کے ساتھ عوامی سطحوں پر روابطوں کو تیز کرنے اور سیاحتی اور اقتصادی تعلقات میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے چین کے میئر کو یارگاری تحائف پیش کیے۔