حکومت مفاد عامہ کے منصوبوں کو تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کر رہی ہے:شہبازشریف

راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کا جلد افتتاح کیا جا رہا ہے ،منصوبہ فن تعمیر کا اعلی شاہکار ہے وسائل قوم کی امانت ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت یہ امانت انہیں لوٹا رہی ہے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب،کمشنر راولپنڈی کی میٹروبس پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ

ہفتہ 18 اپریل 2015 17:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت مفاد عامہ کے منصوبوں کو تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کر رہی ہے،راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس کے عظیم پراجیکٹ کا جلد افتتاح کیا جا رہا ہے، یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،میٹرو بس منصوبہ عوام دوست حکومت کا جڑواں شہروں کے شہریوں کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے،میٹرو بس پراجیکٹ لاہور کی طرح راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ بھی فن تعمیر کا اعلی شاہکار ہے۔

وہ یہاں راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ پرہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس سروس لاہور کے ذریعے روزانہ پونے دو لاکھ شہری سفر کرتے ہیں،اسی طرح راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس کے ذریعے بھی روزانہ بڑی تعداد میں لوگ سفر کریں گے۔

میٹرو بس سروس نے لاہور میں شہریوں کو آرام دہ، باکفایت اور برق رفتار سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس نے شہر لاہور کو نئی شناخت دی ہے۔میٹرو بس سروس راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریو ں کیلئے بھی بہترین سفری سہولیات کا باعث بنے گی۔انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت یہ امانت انہیں لوٹا رہی ہے۔

میٹرو بس سروس وسائل عوام پر صرف کرنے کا شاندار فلاحی منصوبہ ہے، راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس سروس کا منصوبہ جڑواں شہروں میں ٹریفک کے نظام میں بہتری کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس کا منصوبہ عوامی حکومت کے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت خدمت خلق کے ایسے منصوبے جاری رکھے گی۔ چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، سابق ممبر قومی اسمبلی حنیف عباسی، انسپکٹر جنرل پولیس، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی، ایم ڈی نیسپاک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

راولپنڈی سے ویڈیولنک کے ذریعے ممبر قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری،ایم این اے ملک ابرار ،چےئرمین سی ڈی اے،آئی جی پولیس اسلام آباد،چیف کمشنر اسلام آباد، کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔