این اے 246 میں ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرایا جائیگا ‘سیکرٹری الیکشن کمیشن

ہفتہ 18 اپریل 2015 16:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہاہے کہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ممکن نہیں ہے۔ ضمنی انتخاب کے موقع پر ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کیا جائے ۔آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے ۔ قومی اسمبلی کے حلقہ246 کراچی کے ضمنی انتخاب کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

اس ضمن میں ہفتہ کو قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی سربراہی میں صوبائی الیکشن کمیشن آفس میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں امن وامان کی صورتحال اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن، ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر)روشن عیسانی،آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی ، ڈی جی رینجرز کے نمائندے اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پولیس اور رینجرز کی جانب سے این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے لئے دی گئی تجاویز پرغور کیا گیا۔سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان بابریعقوب فتح محمداین اے 246 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ممکن نہیں ہے۔انہوں نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ این اے 246 کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل ہونا چاہیئے ۔

پولنگ کا عملہ اور انتخابی سامان بر وقت پولنگ اسٹیشنز پر پہنچایا جائے ، اجلاس میں ڈی جی رینجرز کے نمائندے نے یقین دہانی کرائی کہ انہیں جو ٹاسک دیا گیا ہے اس کو مکمل کریں گے ۔ پولنگ کے تمام عمل کی مانیٹرنگ بھی کریں گے ۔آئی جی غلام حیدر جمالی نے کہا کہ این اے 246 کے تمام پولنگ اسٹیشنز حساس ہیں ۔ الیکشن کے لیے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے ۔

انتخاب کے دن شہر بھر میں 4000 پولیس اہلکار جبکہ این اے 246 میں 3000 اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔ انشا اللہ الیکشن پر امن ہوگا ، این اے 246 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ 23 اپریل کو ہوگی ۔واضح رہے کہ رینجرز حکام نے الیکشن کمیشن سے این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخاب کرانے کی درخواست کی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے فوری طور پر بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے انتخاب کو ناممکن قرار دے دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :