Live Updates

جو ڈیشل کمیشن بن چکا ‘ عمران خان کو دھاندلی کے ثبوت دینے ہونگے،ہم بھی پیچھا چھو ڑنے والے نہیں‘ خواجہ سعد رفیق

ہفتہ 18 اپریل 2015 16:33

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو اب جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کے ثبوت دینے ہونگے اور ہم بھی ان کا پیچھا چھوڑنے والے نہیں ، سردار ایاز صادق اور میرے حلقے کے حوالے سے الیکشن ٹربیونلز کا فیصلہ آنے والا ہے جس میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا اور جھوٹا شخص ایکسپوز ہوگا، وزرا ء کو کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی حلقوں میں جانے سے روکنا امتیازی ہے اس کے خلاف الیکشن کمیشن اور عدالت سے رجوع کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریلویز اور نیسپاک کے درمیان اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے طے پانیوالے معاہدے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نیسپاک کے ایم ڈی امجد علی خاں ، ایڈوائزر پاکستان ریلویز انجم پرویز ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز جاوید انور بوبک ، آئی جی ریلوے سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت 50ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی جسکے لیے 50کروڑ روپے کی سیڈ منی مختص کی گئی،پہلے مرحلے میں چاروں ں صوبائی دارالحکومتوں میں ریلوے اسٹیشنز اپ گریڈ کئے جائیں گے جس سے نہ صرف مسافروں کو بہترسہولیات ملیں گی بلکہ اس سے ریلوے کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی بحالی کے لئے ہر روز ایک قدم آگے بڑھ رہے ہیں ۔اسٹیشنز پر ٹرین کی آمد کے اوقات میں بجلی کی بندش کے دوران متبادل ذرائع جنریٹر سے بجلی مہیا کی جائے گی ، پینے کا پانی اور پنکھے لگے ہوں گے تاکہ مسافروں کے بہتر سہولیات میسر آ سکیں ۔ ریلوے اسٹیشنز پر موجود ویٹنگ رومزکھولنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال کے آخر تک ریلوے میں ای ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرا دیا جائے گا جس سے نظام میں شفافیت آنے کے ساتھ مسافروں ں کو قطاروں میں نہیں لگنا پڑے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن عمران خان کی ضد پر بنایا گیا ہے ،عمران خان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ،جوڈیشل کمیشن دھاندلی کے بارے میں فیصلہ کرے گا ۔ عمران خان کو انتخابات میں منظم دھاندلی کو ثابت کرنے کے لئے ثبوت دینا ہوں گے کیونکہ انہوں نے ہمارا بہت بڑا میڈیا ٹرائل کیا ہے ۔ ہم بھی پیچھا چھوڑنے والے نہیں اور آخری حد تک مقابلہ کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں وزراء کے جانے پر پابندی درست اقدام نہیں ،سرکاری وسائل پر پابندی ہونی چاہیے مگر ذاتی حیثیت میں روکنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس کے لئے الیکشن کمیشن اور عدالت سے رجوع کریں گے ۔وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ریلوے میں کالی بھیڑوں کی گردن اور دم پرپاؤں رکھا ہوا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات