یہودی ریاست کا مطالبہ عالمی چارٹر کے خلاف ہے ‘راجہ ظفر الحق

ہفتہ 18 اپریل 2015 16:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) قائد ایوان سینٹ راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ یہودی ریاست کا مطالبہ عالمی چارٹر کے خلاف ہے۔ کشمیر اور فلسطین میں مظالم کی انتہا ہے ۔ وکلاء دنیا بھر میں مظلوموں کے لیے اجتماعی آواز بلند کریں ۔ مقبوضہ کشمیر میں پنڈتوں کو بسا کر 86 فی صد مسلم آباد کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی ساز ش کی جارہی ہے ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر سجاد افضل چیمہ ایڈووکیٹ کی طرف سے بار کے ارکان نومنتخب سینٹر راجہ محمد ظفرالحق اور سنیٹر جاوید عباسی کے اعزاز میں اسلام آباد کورٹس میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ وکلاء عظیم قانون دان قائد اعظم اور سردار عبدالرب نشتر کو مشعل راہ بنائیں تاکہ ان کے کردار پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

(جاری ہے)

عدلیہ کی تحریک ہو یا بحالی جمہوریت کا سخت مرحلہ ، وکلاء نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں ۔ انڈیا میں 35-30 فی صد مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ ہے اور سختی سے پاکستان کے خلاف مغلظات کے لیے مجبور کیا جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا یہودی ریاست کا مطالبہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے انہوں نے یقین دلایا کہ وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کیئے جائیں گے۔

سینٹر جاوید عباسی نے کہا کہ عدالتوں کو یکجا کرنا اور وکلاء کو طبی اور رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہم بار کے شانہ بشانہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شعبے پر جب بھی کڑاوقت آتا ہے وکلاء کو آواز دی جاتی ہے۔ سجاد افضل چیمہ ایڈووکیٹ نے وکلاء کو میڈیکل اور رہائشی سہولتوں کی فراہمی اور دیگر مسائل کے حل کا مطالبہ کیا۔شاندار تقریب میں اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجہ علیم خان عباسی ، صدر اسلام آباد بار زاہد راجہ اور سابق سیکرٹری خارجہ رکن بار اکر م ذکی نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :