پاک چین مشترکہ تھنک ٹینک برائے اقتصادی راہداری کا قیام،سینیٹر مشاہد حسین سید شریک چیئرمین نامزد

ہفتہ 18 اپریل 2015 16:08

ہائی نان/اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) چینی صدر شی چن پنگ کے دورہ پاکستان سے قبل پاک چین مشترکہ تھنک ٹینک برائے اقتصادی راہداری کا قیام عمل میں آگیا ہے جس کیلئے سینیٹر مشاہد حسین سید کو شریک چیئرمین نامزد کردیا گیا ۔ پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے اسلام آباد کے مطابق پاک چین قریبی تعلقات کے تناظر میں اپنی نوعیت کے منفرد اقدام ریسرچ اینڈ ڈیولیپمنٹ انٹرنیشنل نامی تھنک ٹینک کے قیام کا اعلان چین کے حسین ترین جزیرے ہائی نان میں منعقدہ تین روزہ کانفرنس کے دوران کیا گیا ، جس کے شرکاء سے سینیٹر مشاہد حسین سیدنے اپنے کلیدی خطاب میں دونوں دوست ممالک کے مابین تعاون کو تیز تر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

مشترکہ تھنک ٹینک کے اغراض و مقاصد میں پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلقہ امور میں اعلیٰ درجے کی ریسرچ کو پروان چڑھانا بتایا گیا ہے، چین کی طرف سے مادام چاوٴ پائیگا بطور شریک چیئرپرسن نمائندگی کریں گی، جو کہ سابق وزیر اور حالیہ ممبر پارلیمنٹ ، وائس چیئرپرسن آف فارن افیئرز کمیٹی آف دی نیشنل پیپلز کانگرس کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے رہی ہیں، چینی صدر کے مجوزہ دورہ پاکستان میں پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلقہ پراجیکٹس میں اہم ترین پیش رفت دیکھنے میں آئی گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سینیٹر مشاہد نے امید کا اظہار کیا کہ نئے تھنک ٹینک کے قیام سے پاک چین انفارمیشن راہداری کے تصور کو بھی تقویت ملی گی، جبکہ دونوں دوست ممالک کے مابین اطلاعات کی آزادانہ ترسیل کی بدولت پالیسی میکرز، قانون ساز، کاروباری ادارے، طلباء و طالبات، اسکالرز اور مارین کی کثیر تعداد مستفید ہونے کی توقع ہے،چین کی ٹاپ کلاس یونیورسٹی شنگہوا میں قائم سینیٹر آف پاکستان اسٹڈیز کے ڈائریکٹر پروفیسر لی شی گوانگ کی زیر نگرانی پاک چین انفارمیشن راہداری کے حوالے سے کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

مشترکہ ٹھنک ٹینک کے پاکستان دفتر کیلئے پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد جبکہ چین میں باہمی طور پر چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز اور چائنہ انسٹیٹیوٹ آف ریفارم اینڈ ڈیویلپمنٹ نامی غیرسرکاری اداروں کومنتخب کیا گیا ہے، تین روزہ کانفرنس میں رواں برس کیلئے ورک پلان کی منظوری بھی دی گئی، کانفرنس کے دیگر شرکاء میں سابق وزیر فنانس سینیٹر سلیم منڈویوالہ، چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ڈاکٹر سعید الہیٰ، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندوں سمیت دیگر ماہرین شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :