گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی کے عام انتخابات 8 جون کو ہوں گے ، نوٹیفکیشن جاری

ہفتہ 18 اپریل 2015 16:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی کے عام انتخابات 8 جون کو کرانے کیلئے وزارت امور کشمیر گلگت بلتستان کی سمری کی منظوری دیدی ‘ الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا‘ الیکشن شیڈول کا اعلان چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان آئندہ 48 گھنٹوں میں کریں گے‘قانون ساز اسمبلی کیلئے7 اضلاع کی 24 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) ‘ پیپلز پارٹی ‘ تحریک انصاف ‘ آل پاکستان مسلم لیگ ‘ جے یو آئی (ف)‘ جماعت اسلامی ‘ ایم کیو ایم سمت مختلف چھو ٹی بڑی سیاسی جماعتیں میدان میں اتریں گی ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی کے انتخابات جون کو کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل انتخابات کیلئے وزیر امورکشمیر اور گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر نے سمری بھجوائی تھی جس میں پلنگ 8 جون کو کرانے کی تجویز دی گئی تھی جس پر وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے دستخط کردئیے۔ گلگت بلتستان کو صوبائی درجہ ملنے کے بعد یہ دوسرے انتخابات ہونگے ۔

ذرائع کے مطابق یہ انتخابات گلگت بلتستان کے 7اضلاع کے 24 حلقوں میں ہونگے۔ انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جے یو آئی ، جماعت اسلامی ،اور متحدہ قومی موومنٹ سمیت مختلف چھوٹی بڑی جماعتیں حصہ لیں گی ، جس کیلئے شیڈول جاری ہوتے ہی انتخابی سرگرمیاں زور شور سے شروع کی جائینگی۔ گلگت بلتستان کو صوبائی درجہ دیے جانے کے بعد پہلی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات نومبر 2009ء میں منعقد ہوئے تھے جس کے بعد گلگت بلتستان میں12 دسمبر 2014 کو پہلی نگران حکومت قائم ہوئی۔

وزارت امور کشمیر کے سینئر حکام نے ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء“ کو بتایا کہ وزیر اعظم کی طرف سے سمری کی منظوری کے بعد چیف الیکشن کمشنر آئندہ 48گھنٹوں میں شیڈول کا اعلان کریں گے جس پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے‘ جانچ پڑتال اور کاغذات واپس لینے کی تاریخوں کا اعلان کیا جائیگا۔