سپریم کورٹ میں ممتاز قادری کی اپیل کی سماعت کیلئے دورکنی بنچ تشکیل ،سماعت پرسوں ہوگی

ہفتہ 18 اپریل 2015 15:15

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل میں ملوث پولیس اہلکار ممتاز قادری کی طرف سے ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے پر چیف جسٹس ناصر الملک نے اپیل کی سماعت کیلئے جسٹس دوست محمد اور جسٹس عمر عطاء بندیال پر مشتمل دو رکنی بنچ تشکیل دیدیا ، ممتاز قادری کی درخواست کی سماعت پیر کو سپریم کورٹ کا دورکنی بنچ کرے گا۔

(جاری ہے)

ممتاز قادری کے وکیل لاہور ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس (ر)خواجہ محمد شریف عدالت میں پیش ہوں گے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے ممتاز قادری کی سزائے موت برقرار رکھنے کے فیصلے کے بارے میں اپنے دلائل دیں گے ۔ واضح رہے کہ ممتاز قادری نے سابق دور حکومت میں پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر کو اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں گولیوں کا نشانہ بنا کر قتل کردیا تھا ، ممتاز قادری پنجاب ایلیٹ فورس میں ملازم تھے اور اسے گورنر کے سیکیورٹی سکوارڈ میں شامل کرکے سیکیورٹی کی ذمہ داریاں دی گئی تھیں ۔ ممتاز قادری کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سزائے موت سنائی جسے بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی برقرار رکھا ۔

متعلقہ عنوان :