چیچہ وطنی میں14ماہ کے مغوی بچے کی خاص عادت نے اسے اپنی جعلی ماں سے آزادی دلادی

ہفتہ 18 اپریل 2015 12:55

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء)چیچہ وطنی میں14ماہ کے مغوی بچے کی خاص عادت نے اسے اپنی جعلی ماں سے آزادی دلادی،ذرائع کے مطابق بلاک نمبر2 کے رہائشی بینگل فروش الطاف حسین کے گھر کی دہلیز سے اغوا کیا جانیوالااسکاشیر خوار بیٹا حسنین اپنے منہ میں دو انگلیاں رکھنے کا عادی تھا،بچے کومحمدآباد کی رہائشی خاتون ثمینہ نے 28روز قبل اغوا کیا تھا ،ملزمہ لوگوں کو بتاتی تھی کہ یہ بچہ اسکا اپنا ہی ہے جسکی ولادت ایک مقامی دائیہ نے کرائی ہے،بچے کو بخار کی شکایت ہونے پر ملزمہ اسے ایک مقامی ڈاکٹر کے پاس چیک اپ کیلئے لائی تو وہاں موجود ایک نوجوان کو شک گزرا کہ یہ بچہ اسکا اپنا نہیں ہے چنانچہ مغوی بچے کے متاثرہ والدین سے فوری رابطہ کیا گیا توانہوں نے فون پر بتایا کہ اغوا ہونیوالا انکا معصوم بچہ حسنین دائیں ہاتھ کی دوانگلیاں اپنے منہ میں رکھ کر چوستا رہتا ہے ،بچے کی اس خاص عادت نے ملزمہ کی واردات کا پول کھول دیا جس پر پولیس نے اسے فرار ہونے کی کوشش میں بائی پاس روڈ کے قریب سے گرفتار کرلیا جسکی نشاندہی پر اسکے خاوند اور دیگر چار افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔