ملکی معیشت میں ٹیکسٹائل انڈسٹری اور اسکی مصنوعات کی برآمدات کانمایاں حصہ ہے‘راجہ اشفاق سرور

ہفتہ 18 اپریل 2015 12:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہاہے کہ حکومت پنجاب مزدوروں اور صنعتی ورکرز کوعلاج معالجے کی بہترین سہولیات بہم پہنچانے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے، صوبہ بھر کے ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ورکرز اور انکے اہل خانہ کوعلاج معالجہ کی بہترین سہولیات دی جا رہی ہیں،آجر اور آجیر کے درمیان بہتر تعلقات سے نہ صرف صنعتی پیدوار میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ مزدوروں کے مسائل حل کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

انہوں نے یہ بات پنڈدادنخان جہلم میں سوشل سیکیورٹی ڈسپنسری کھیوڑہ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی نذر محمد گوندل اور چوہدری لال حسین، سیکرٹری لیبر عشرت علی، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) جہلم چوہدری بوٹا جاوید، اور مزدوروں اور ورکروں کی کثیر تعداد موجو د تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہاکہ سوشل سیکیورٹی ڈسپنسری کھیوڑہ کو جلد ہی ایک ایمبولینس بھی دی جائیگی اور چھ ما ہ میں اس ڈسپنسری کو سوشل سیکیورٹی کے زیر انتظام چلنے والی دیگر ڈسپنسریوں کے معیار کے برابر لایا جائیگا۔

دریں اثنا صوبائی وزیر برائے محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے فیصل آباددورہ کے موقع پر مختلف بازاروں کا اچانک دورہ کرکے دوکانوں وسٹالز پر گھی کی قیمتوں کی وصولی کا معائنہ کیا۔صوبائی وزیر محنت جھنگ روڈ پر ماڈل بازار اور کئی محلہ دکانوں پر گئے اوروہاں مختلف برانڈز کے گھی کے نرخ نامے چیک کیے اور گاہکوں سے خریدے گئے گھی کی قیمت کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کے معاشی ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔اس مقصد کے لئے بے جا اور بلاجواز مہنگائی کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے اورگراں فروشوں کو قانون کی گرفت میں لایا جارہا ہے ۔علاوہ ازیں پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپوٹرزایسوسی ایشن کے دفتر میں برآمدکنندگان سے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ ملکی معیشت میں ٹیکسٹائل انڈسٹری اور اسکی مصنوعات کی برآمدات کانمایاں حصہ ہے اور اس شعبے کودرپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو انرجی بحران اور موجودہ کاروباری مشکلات میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل کا بے حد احساس ہے اور صنعت کاروں وبرآمدکنندگان کی معاونت ومشاورت سے مسائل کاحل ڈھونڈاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :