چینی صدر کا دورہ پاکستان، وزارت خارجہ سمیت اہم وزارتوں کے افسران کی چھٹیاں منسوخ

ہفتہ 18 اپریل 2015 12:44

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) چین کے صدر شی چنگ پنگ کے اہم دورہ پاکستان کے باعث وزارت خارجہ ، وزارت اطلاعات و نشریات ، وزارت داخلہ ، وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی پانی وبجلی پٹرولیم و قدرتی وسائل کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ، ان اہم وزارتوں کے افسران نے ہفتہ کو اپنے دفاتر میں حاضری دی اور چینی صدر کے دورے سے متعلقہ امور کو حتمی شکل دی جبکہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سینیٹ کے افسران اور متعلقہ اہلکاروں کی بھی دو چھٹیاں منسوخ کی گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی چنگ پنگ جو پاکستان کے دو روزہ دورے پر پیر کو اسلام آباد پہنچیں گے ان کے دورے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے حکومت نے اہم وزارتوں کے افسران اور متعلقہ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو وزارت منصوبہ بندی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید ، وزیراعظم کے معاون خصوصی خارجہ امور طارق فاطمی اور ان وزارتوں کے سینئر افسران شریک ہوئے جس میں چینی صدر کے دورے کے حوالے سے امور کو حتمی شکل دی گئی ۔

دریں اثناء ذرائع کے مطابق سپیکر اور چیئرمین سینیٹ نے منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چینی صدر کے خطاب کی وجہ سے افسران اور متعلقہ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اور وہ کارڈز کی تقسیم کے علاوہ دیگر انتظامات کو ہفتہ کے روز حتمی شکل دیتے رہے ۔ چینی صدر کے پارلیمنٹ سے خطاب کے موقع پر مسلح افواج کے سربراہان ، چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ ، گورنرز ، صدر آزاد کشمیر ، وزیراعظم آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کے نگران وزیر اعلیٰ ، گورنر ، غیر ملکی سفارتکار ، اعلیٰ سول و فوجی حکام کو دعوت نامے دیئے گئے ہیں جبکہ بزنس گیلری پر مہمانوں کیلئے کارڈ جاری کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔

اخبار نویسوں کے لئے خصوصی طور پر کارڈز جاری کیے گئے ہیں ۔ کارڈز کے حامل افراد ہی ریڈ زون میں داخل ہوسکیں گے

متعلقہ عنوان :