یمنی دارالحکومت صنعا ء دھماکوں اور بمباری سے گونج اٹھا ‘ تازہ فضائی حملوں میں 76مارے گئے

ہفتہ 18 اپریل 2015 12:13

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء)یمنی دارالحکومت صنعا ء دھماکوں اور بمباری سے گونج اٹھا ‘تازہ حملوں اور لڑائی میں 76 افراد مارے گئے جبکہ اقوام متحدہ نے جنگ سے متاثرہ علاقوں کیلئے 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالر امداد کی اپیل کردی ۔عرب میڈیا کے مطابق اتحادی طیاروں نے صنعا ء کے مختلف علاقوں میں فوجی کیمپ اور اسلحہ ڈپو پر بم برسائے ‘حملوں کے بعد فضا ء میں دور تک دھواں بلند ہوتا دکھائی دیا اتحادی طیاروں نے تاز شہر میں صدارتی محل اور باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ‘جنوبی شہر عدن میں بھی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ‘ فضائی حملوں اور لڑائی میں مزید 76 افراد مارے گئے ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران اتحادی فوج کے ترجمان برگیڈیئر جنرل احمد عسیری نے کہا کہ کہ یمن کے شہر تاز میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے، ہمیں کوئی جلدی نہیں، اس کام میں صبر اور استقامت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سعودی اتحاد اور حوثی باغیوں کے درمیان لڑائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے القاعدہ نے مکلا شہر پر اپنی گرفت مزید مضبوط کر لی اور شہر کے ایک اہم آرمی کیمپ کا کنٹرول حاصل کر کے وہاں موجود اسلحہ پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ نے یمن کیلئے 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالر امداد کی اپیل کی ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے تمام فریقین سے فوری جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے لیے نئے سفیر کا تقرر جلد کیا جائے گا۔