کاکول ،پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ ، افغان چیف آف جنرل سٹاف کی خصوصی شرکت

ہفتہ 18 اپریل 2015 11:51

کاکول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) ملٹری اکیڈمی کاکول میں132 ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ افغان چیف آف جنرل سٹاف جنرل شیر محمد کریمی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوٴٹ پریڈ میں افغانستان کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل شیر محمد کریمی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ معزز مہمان کے پہنچنے پر بگل بجا کر ان کی آمد کا اعلان کیا گیا۔

مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔ جنرل شیر محمد کریمی نے کیڈٹس سے خطاب بھی کیا۔ کیڈٹس کے دستوں نے مہمان خصوصی کو سلامی دی۔ افغان چیف آف جنرل سٹاف جنرل شیر محمد کریمی نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے، پاکستان آرمی کی تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے، کیڈٹس کے لیے پاسنگ آوٴٹ کی تقریب ہمیشہ یادگار رہتی ہے۔

(جاری ہے)

افغان آرمی چیف نے تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فوجی خدمات کیلئیپیشہ ورانہ تربیت ہمیشہ ضروری ہوتی ہے، فوج میں معیاری تعلیم ہونا ضروری ہے، اگر ٹریننگ اور تعلیم کو استعمال نہ کیا جائے تو سب کی محنت کا ضیاع ہوگا۔واضح رہے کہ 132ویں پی ایم اے (پاکستان ملٹری اکیڈمی) لانگ کورس میں دیگر ممالک کے کیڈٹس نے بھی تربیت مکمل کی۔مختلف کورسز کرنے والے کیڈٹس کو اسناد اور میڈلز دیئے گئے ،بہترین کارکردگی دکھانے پر اعزازی شمشیر سینئر انڈر آفیسرذیشان اور صدارتی طلائی تمغہ سینئر آفیسر قیصر کو دیا گیا۔