وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی سر ٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب،مریم نواز نے تربیت یافتہ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں ہنر مندی کے سرٹیفکیٹس تقسیم کئے

جمعہ 17 اپریل 2015 22:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) وزیر اعظم آفس میں وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام فیز -ون کی سر ٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی ۔

(جاری ہے)

پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام فیز - ون کے تحت مختلف پیشوں میں ہنر مندی کی تعلیم و تربیت حاصل کرنے والے ملک بھر سے آئے ہوئے نوجوانوں کو سرٹیفکیٹ دینے کی تقریب جمعہ کو وزیر اعظم آفس میں منعقد ہوئی -جس کی مہمان خصوصی مریم نواز شریف تھیں جنہوں نے تربیت یافتہ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں ہنر مندی کے سرٹیفکیٹس تقسیم کئے - واضح رہے کہ 2013 ء کے انتحابات کے نتیجے میں بر سر اقتدار آنے کے فورا بعد وزیر اعظم محمد نوازشریف نے ملک بھر کے کروڑوں بے روزگار نوجوانوں کو با روزگا ر بنانے کیلئے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے سات مختلف سکیموں کا اعلان کیا - پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام انہی اعلان کردہ سکیموں میں سے ایک ہے جس کو پایہ تکمیل تے پہنچانے کی ذمہ داری نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمشن (نیوٹیک ) کو سونپی گئی -اس سکیم کے فیز - ون کے تحت اسلام آباد ‘ آزاد جموں و کشمیر ‘ گلگت بلتستان اور فاٹا سمیت چاروں صوبوں میں 25 ہزار کم تعلیم یافتہ بیروزگار لڑکوں اور لڑکیوں کو 100 مختلف پیشوں میں ہنر مند بنانے کا اعلان کیا گیا- جس میں خواتین کا 34 فیصد جبکہ معذوروں کا 10 فیصد کوٹہ رکھا گیا یہ کورسز داخلہ سے لیکر مکمل ہونے تک بالکل مفت تھے - تمام اخراجات وفاقی حکومت نے برداشت کئے جو کہ 800 ملین روپے رکھے گئے تھے جبکہ دوران تربیت 2 ہزار روپے فی کس ماہانہ وظیفہ بھی دیا گیا جب کہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو 3 ہزار روپے فی کس ماہانہ وظیفہ دیا گیا - مزید برآں کورس مکمل کرنے پرنوجوانوں کو 27 مختلف پیشوں میں ٹول کٹس بھی بالکل مفت فراہم کی گئیں - تقریب کی مہمان خصوصی محترمہ مریم نواز صاحبہ نے اس موقعہ پر وزیر اعظم پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا کہ ہمارے ملک کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں - پرائم منسٹریوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 25 ہزار تیار ہونے والے ہنر مند اپنے خاندانوں پر بوجھ بننے کی بجائے اپنے خاندانوں کا بوجھ اٹھانے کے قابل بن گئے ہیں - ملک کے کروڑوں نوجوانوں کیلئے مزید یوتھ پروگرام شروع کئے گئے ہیں جنکی شروع میں ‘ میں چیئر پرسن تھی - ملک کے 25 ہزار بے روزگار نوجوانوں کو نیوٹیک کے ذریعے ہنر مند بنایا گیا جو میرے لئے ایک خواب تھا اور آج یہ خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا ہے - اور میں آج بہت خوش ہوں - وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے جتنے بھی پروگرام شروع کئے گئے ہیں ان کا بنیادی مقصد ملک کے نوجوانوں کو با اختیار بنانا تھا- انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام فیز - ون کے تحت 25 ہزار ہنر مندوں کو تیار کرنے پر نیوٹیک کی کاوشوں کو سراہا -وزیر مملکت برائے تعلیم و فنی تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار نیشنل ووکیشنل کوالیفکیشن فریم ورک کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جو ملک بھر میں مارکیٹ کی طلب کے مطابق اور معیاری ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ووکیشنل ٹریننگ دینے میں موثر ثابت ہو گی - نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سجاد سلیم ہوتیانہ نے اپنی استقبالیہ قریب میں میڈیم مریم نواز صاحبہ اور تقریب کے دوسرے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام فیز -ون بروقت مکمل کیا گیا جس کی بر وقت تکمیل میں چیئرپرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور وزیر مملکت برائے تعلیم و فنی تربیت ا نجینئر محمد بلیغ الرحمن کی رہنمائی اور مدد شامل حال رہی اور اب پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرا م فیز - ٹو پر نیوٹیک نے کام کا آغاز کر دیا ہے جو انشاء اللہ یہ بھی بر وقت مکمل کر دیا جائے گا -

متعلقہ عنوان :