سیاسی پارٹیاں بدلنے والی شہرت رکھنے والی لیگی سینیٹرکلثوم پروین نیشنل ایکشن پلان کے تحت بند ہونے والی موبائل سموں کے دفاع کیلئے میدان میں آگئیں‘ تصدیق نہ کرائے جانے والی سموں کو بچانے کی کوشش

جو اختلاف آج کیا جا رہا ہے یہ اس اے پی سی میں کیا جاتا جس نے سموں کی بندش کی منظوری دی تھی‘انوشہ رحمن

جمعہ 17 اپریل 2015 22:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) سیاسی پارٹیاں بدلنے والی شہرت رکھنے والی لیگی سینیٹرکلثوم پروین نیشنل ایکشن پلان کے تحت بند ہونے والی موبائل سموں کے دفاع کیلئے میدان میں آگئیں، تصدیق نہ کرائے جانے والی سموں کو بچانے کی کوشش ،وزیرمملکت انوشہ رحمان نے فاضل سینیٹر کی ایک نہ چلنے دی،جو اختلاف آج کیا جا رہا ہے یہ اس اے پی سی میں کیا جاتا جس نے سموں کی بندش کی منظوری دی تھی۔

جمعہ کو سینیٹ اجلاس میں سینیٹر کلثوم پروین نے توجہ دلاؤ نوٹس پر کہا کہ 13کروڑ موبائل صارفین ہیں، ایک مہینے میں صرف ایک کروڑ کی تصدیق ہو سکتی ہے، ایسی کونسی قیامت آئی ہے کہ 12اپریل کو ہی ڈیڈ لائن ختم کر دی گئی، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، عوام کا کیا قصور ہے کہ ان کا بنیادی حق چھینا جائے۔

(جاری ہے)

جس پر انوشہ رحمان نے کہا کہ فاضل سینیٹر اس آل پارٹیز کانفرنس میں شریک تھیں جس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ موبائل سموں کی تصدیق کی جائے گی، یہ اعتراض یہاں اٹھانے کی بجائے فاضل سینیٹر کو اس کانفرنس میں اٹھانا چاہیے تھا ،وزارت داخلہ کا فیصلہ تھا جس کے اوپر پی ٹی اے نے عملدرآمد کیا۔

سینیٹر کلثوم پروین کے توجہ دلاؤ نوٹس پر ایوان کے اندر اور باہر بھی چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں کہ کیا بات ہے کہ سی ڈی اے کو چھوڑ کر میڈم موبائل آپریٹرز کے دفاع میں آگئیں۔ واضح رہے کہ کلثوم پرویز کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ پارٹیاں بدلنے میں ماہر ہیں، اس سے قبل وہ بی این پی (عوامی اور مسلم لیگ(ق) میں رہ چکی ہیں تاہم حالیہ سینیٹ انتخابات میں انہوں نے مسلم لیگ(ن) کی جانب کامیاب چھلانگ لگائی اور سینیٹر شپ حاصل کرنے میں کامیابی بھی حاصل کی

متعلقہ عنوان :