کسانوں کو زیادہ سے زیادہ مراعات و سہولیات دے کر زراعت کو فروغ دیا جاسکتا ہے،صوبائی وزیر شاہ فرمان

جمعہ 17 اپریل 2015 22:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء)خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ زراعت ہمارے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور تحریک انصاف کی حکومت صوبے کی لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی کو قابل کاشت بنانے کے لئے کسانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ صوبے کوزرعی اجناس کی پیداوار اور خوراک کے معاملے میں خود کفیل بنایاجاسکے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج پاکستان اکیڈیمی برائے دیہی ترقی (پارڈ) پشاور میں تین روزہ چھٹے قومی کسان کنونشن کی آخری نشست سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور صوبہ گلگت بلتستان سے آئے ہوئے کسانوں ،زرعی ماہرین اور زراعت کے مختلف شعبوں کے ماہرین و حکام بالا کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کسانو ں کو یقین دلایا کہ خیبر پختونخواکی حکومت صوبے کے علاوہ ملک بھر کے کسانوں کو درپیش مشکلات و مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور قومی کسان کنونشن کی تیار کردہ سفارشات کی روشنی میں تمام صوبوں کے وزرائے زراعت سے روابط کر کے عملی اقدامات اٹھائے گی تاکہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ مراعات و سہولیات دے کر زراعت کو فروغ دیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ بات واضح ہے کہ کسان خوشحال ہوگا تو زراعت مضبوط ہوگی اور زراعت کو ترقی ملے گی تو ملک ترقی کرے گا اور قوم خوشحال ہوگی۔قبل ازیں پارڈ کی ڈائریکٹر جنرل نگہت مہروز نے قومی کسان کنونشن کے اغراض و مقاصد اور سفارشات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔