انڈس ہائی وے پر کار حادثہ، دو بچوں اور خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے

جمعہ 17 اپریل 2015 22:47

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) انڈس ہائی وے پر مانجھند کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹنے کے ہولناک حادثے میں حیدرآباد کے رہائشی دو بچوں اور ایک خاتون سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔جمعہ کو صبح انڈس ہائی وے پر مانجھند شہر کے قریب سہیون لعل شہباز قلندر کے مزار سے زیارت کے بعد کار میں حیدرآباد آنے والے خاندان کی کار تیزرفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر شاہراہ سے اتر کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں دو بچوں اور ایک خاتون سمیت 5 افراد شدید زخمی ہونے کے بعد موقع پر دم توڑ گئے جن میں 4 سالہ آصف حسین، 5 سالہ دعا، مسماة سنیا زوجہ ندیم، آصف بلوچ اور ڈرائیور عاطف بلوچ شامل ہیں اس ہولناک واقعہ میں 5 افراد تہمینہ، کشف، 8 سالہ بہروز، سعید احمد اور 6 سالہ فیروز شدید زخمی بھی ہوئے، واقعہ کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر جمع ہو گئی جبکہ اطلاع ملنے پر متعلقہ پولیس بھی موقع پر پہنچی اور لاشیں اور شدید زخمیوں کو طبی امداد کے لئے تعلقہ ہسپتال مانجھند اور سن کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثے کی اطلاع پر متوفیان کے گھرمیں صف ماتم بچھ گئی اور پورا علاقہ سوگوار ہو گیا۔

(جاری ہے)

کار کے خوفناک حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے خاندان کا تعلق حیدرآباد کے علاقوں تالاب نمبر 3 پکاقلعہ اور لطیف آباد سے بتایا جاتا ہے ، ضروری قانونی کاروائی کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں ان کے ورثاء کے حوالے کر دی گئیں جبکہ زخمی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

متعلقہ عنوان :