ایشیائی ترقیاتی بینک قبائلی علاقہ جات میں آبپاشی کے منصوبہ کیلئے 40 کروڑ 30 لاکھ کی مالی معاونت فراہم کرے گا

اقتصادی امور ڈویژن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان سمجھوتہ طے پاگیا

جمعہ 17 اپریل 2015 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء)ایشیائی ترقیاتی بینک وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) میں آبپاشی کے منصوبہ کیلئے 40 کروڑ 30 لاکھ کی مالی معاونت فراہم کرے گا  اقتصادی امور ڈویژن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان سمجھوتہ طے پاگیا۔ جمعہ کو سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن محمد سلیم سیٹھی نے اے ڈی بی کے ساتھ سمجھوتے پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

اقتصادی امور ڈویژن سے جاری بیان کے مطابق منصوبے کے تحت فاٹا میں 15 میٹر بلند ڈیم تعمیر کئے جائیں گے جس سے خیبر، مہمند اور باجوڑ ایجنسی کے شہریوں کو فائدہ ہوگا، ہزاروں گھرانوں کی سہولت کیلئے 95 کلومیٹر طویل نہر بنائی جائے گی، پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے بارش کے پانی کو محفوظ کیا جائے گا۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے اے ڈی بی کی طرف سے توانائی، بنیادی ڈھانچے اور آبپاشی کے منصوبوں میں پاکستان کو معاونت فراہم کرنے پر سراہتے ہوئے کہاکہ اے ڈی بی کی طرف سے مجموعی معاونت 5 ارب 50 کروڑ تک ہے جو خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہاکہ اے ڈی بی اور توانائی کے منصوبوں کی بہتری سے معاشی ترقی کی رفتار بہتر ہوگی۔