وزیراعظم نے نوجوانوں کو قرضے دینے کا وعدہ کیا تھا  عوامی خدمت کیلئے کسی عہدے کی ضرورت نہیں مریم نواز

تربیت سے نوجوانوں کوروزگار کے حصول یا اپنا کاروبار شروع کرنے میں مد د ملے گی دینی مدارس کے طلباء جو ہائر ایجوکیشن کے مجوزہ طریقہ کار پر پورا اترتے ہوں گے، کو سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کیا جائیگا خطاب مریم نواز، بلیغ الرحمن اور وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کی چیئرپرسن لیلہ خان نے اسناد تقسیم کیں

جمعہ 17 اپریل 2015 22:37

اسلام آبا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) مسلم لیگ (ن )کی رہنما مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کو قرضے دینے کا وعدہ کیا تھا  عوامی خدمت کیلئے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہے۔وہ وزیراعظم ہنرمند پروگرام سے کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں تقریب میں وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کی سابق چیئرپرسن مریم نواز، وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت بلیغ الرحمن اور وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کی چیئرپرسن لیلہ خان نے اسناد تقسیم کیں۔

تقریب کا اہتمام وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں کیا مریم نواز شریف نے کہاکہ عوام کی خدمت کیلئے کسی عہدے کی ضرورت نہیں، حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا،ملک سے لوڈ شیڈنگ سمیت دیگر مسائل بھی جلد حل ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

سکیم کے تحت 16 سال کی تعلیم کے حامل 50 ہزار طلباء کو انٹرن شپس دی جائے گی مریم نواز نے کہاکہ پروگرام کی انٹرنیز کو ان کی تعلیم کے مطابق سرکاری اور نجی اداروں میں تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ دینی مدارس کے طلباء جو ہائر ایجوکیشن کے مجوزہ طریقہ کار پر پورا اترتے ہوں گے، کو بھی سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر سے 25 ہزار طلباء کو تقریباً 100 ٹریڈز میں تربیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ خوشی کی بات ہے کہ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو روزگار ملنا شروع ہوگیا۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو تربیت کے نتائج فراہم ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ مریم نواز نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے انتخابی مہم کے دوران نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ ان کی بہبود کیلئے اقدامات کریں گے، وزیراعظم نے نوجوانوں کیلئے متعدد سکیمیں شروع کر کے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے جن میں لیپ ٹاپ سکیم، فیس کی واپسی کی سکیم اور نوجوانون کیلئے سود سے پاک قرضہ سکیم شامل ہیں۔

مریم نواز نے کہاکہ پاکستان میں باصلاحیت نوجوان ہیں جو اپنے خاندانوں کی مدد اور قومی ترقی میں حصہ لینا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے انہیں ملک کے مفید شہری بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ڈویلپمنٹ پروگرام کے نوجوانوں کو خالصتاً میرٹ اور پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر وظائف دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ لیپ ٹاپ سکیم پر تنقید کر رہے ہیں اب وہ اپنے صوبوں میں بھی ایسی سکیمیں شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا مجھے خوشی ہے کہ میری چیئرمین شپ کے تحت جو یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام شروع ہوا وہ اب کامیابی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں ہر نوجوان کو ماہانہ دو ہزار روپے کا وظیفہ دیا گیا تاہم دوسرے مرحلے میں انہیں ہر ماہ 25 سو روپے وظیفہ ملے گا جبکہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے نواجونوں کو فی کس تین ہزار روپے ادا ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کی چیئرپرسن لیلی خان نے میرے ساتھ مشیر کے طور پر کام کیا ہے، میرا ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرے لئے عہدہ اہم نہیں کیونکہ میں اس کے بغیر بھی قوم کی خدمت کروں گی، میرے والد کو تیسری مرتبہ وزیراعظم کی حیثیت سے ملک کی خدمت کا اعزاز حاصل ہوا، عوام کی بہبود کیلئے میں ان کے ساتھ کام کرنے میں اعزاز محسوس کرتی ہوں۔

انہوں نے کہاکہ جب پاکستان مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی تو پاکستان کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا تھا تاہم دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ گھی، سبزیوں اور دیگر خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی جبکہ بجلی کی صورتحال میں بھی بہتری آنا شروع ہوگئی۔ وزیراعظم لوڈشیڈنگ کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے ذاتی طور پر توجہ دے رہے ہیں اور اس مسئلہ کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

قبل ازیں اپنے افتتاحی کلمات میں وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت بلیغ الرحمن نے کہاکہ جب مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی تو ملک کو توانائی، معیشت اور انتہا پسندی سمیت مختلف چیلنجوں کا سامنا تھا تاہم وزیراعظم کی سیاسی بصیرت اور حکومت کے اقدامات سے ملک سے ان بحرانوں کا خاتمہ ہو رہا ہے۔