این اے 246کی نشست پر 23اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی

جمعہ 17 اپریل 2015 22:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام این اے 246کی نشست پر 23اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ اس سلسلے میں حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ گھر گھر جاکر عوام سے رابطہ کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے ۔

انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز فیڈرل بی ایریا کے علاقے ریلوے کالونی ، گوہر آباد ، بلاک 14ایوب منزل ، بلاک نمبر 12، 13،دربار سلطانی ، 11/C، زولوجیکل پارک ، بلاک نمبر 9دوست محمد گوٹھ ، لال شہباز نگر ، باغ جیت پورا اپسرااپارٹمنٹ ، فرید آرکیڈ ، بو تراب امام بارگاہ ،رحمت اسٹیٹ ایجنسی ، گڈ لک بیکری ، پرانا کریم آبادجبکہ لیاقت آباد کے علاقے جامو چوک ،زینت اسکوائر ، اسحاق آباد ، شریف آباد پارک ، غریب آباد پھاٹک ، الاعظم اسکوائر کے مقامات پر کارنر میٹنگوں کا نعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی ، حق پرست نامزد امیدوار کنور نوید جمیل ، حق پرست اراکین قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین ، عبد الوسیم ، محبوب عالم ، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی محمد حسین ، فیصل سبزواری ،جمال احمد ، ظفر کمالی ، ندیم راضی ، محمود عبد الرزاق ، وسیم قریشی اور ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اراکین انور عالم ، وقار شاہ اور خالد افتخار نے خطاب کیا ۔

کارنر میٹنگوں میں علاقے کے نوجوانوں ، بزرگوں ،خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور الطاف حسین کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ حلقہ این اے 246کی نشست ایم کیوایم اتنی بار بھاری اکثریت سے جیت چکی ہے کہ اب اس نشست پر دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے جیت کے کھوکھلے دعوے اپنی جگ ہنسائی کا سامان کرنے کے مترادف ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نام نہاد سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی طرف سے سازشی منصوبہ کے تحت ایسے بیانات دیئے جارہے ہیں جس سے حلقہ این اے 246کے عوام کے جذبات بری طرح سے مجروح ہورہے ہیں لیکن وہ قائد تحریک الطاف حسین کی اپیل پر صبر ، تحمل اور برداشت سے کام لے رہے ہیں اور ایسا کوئی عمل نہیں کرنا چاہتے جس کا بہانہ بنا کر مخالفین الیکشن سے راہ فرار اختیار کریں ۔

انہوں نے کہاکہ مخالفین کی انتخابی مہم کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ ضمنی الیکشن کی آڑ میں ایم کیوایم اور قائد تحریک الطاف حسین کو بدنام کرنے کا مشن لیکر آئے ہیں جبکہ یہ جماعتیں خود اور انہیں یہ مشن سوپنے والے اچھی طرح جانتے ہیں کہ حلقہ این اے 246کے عوام الطاف حسین کو اپنا سچا لیڈر مانتے ہیں اور یہاں کے عوام دیگر جماعتوں کے امیدواروں کی کارکردگی اور ان کے ماضی کے کردار سے اچھی طرح سے واقف ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی یا انتخابی ماحول میں کسی جماعت اور اس کے لیڈر پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کرکے کردار کشی کرنے کا عمل جمہوری روایت کے خلاف ہے اور جو ایسا عمل کررہے ہیں الیکشن کمیشن کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے ۔ مقررین نے حلقہ این اے 246کے حق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ ضمنی الیکشن میں حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروادیں ۔