کراچی، صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ،کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے

جمعہ 17 اپریل 2015 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف کارروائی سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اطلاعات شرجیل میمن، چیف سیکرٹری، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرزمیجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے شرکت کی جبکہ پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوئیں۔

اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں فوجی عدالتوں میں مزید کیس بھجوانے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق امور پر غور کیا گیا جب کہ اپیکس کی ذیلی کمیٹیوں، انٹیلی جنس اور لیگل کمیٹیوں نے اجلاس کے شرکا کو اپنی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جن میں کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والوں اور دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا جب کہ کمیٹی نے کراچی میں غیر قانونی اسلحہ جمع کرانے کے لیے آخری موقع دینے اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔

اس سے قبل وزیر اعلی ہاؤس میں قائم علی شاہ، گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور ڈی جی رینجرز بلال اکبر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں صوبے اور بالخصوص کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :