پاکستان اور افغانستان کے فوجی سربراہوں کا اپنے علاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم

اپنے ملک میں دہشتگردوں کیلئے زمین تنگ کر دینگے ، چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، جنرل راحیل شریف اور جنرل شیر محمد کریمی کا اتفاق ملاقات میں خطے بالخصو ص افغانستان میں امن اور استحکام،افواج کے دفاعی تعاون اور تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا، آئی ایس پی آر

جمعہ 17 اپریل 2015 22:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) پاکستان اور افغانستان کے فوجی سربراہوں نے اپنے علاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور انکے لئے زمین تنگ کر دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ دونوں عسکری رہنماؤں نے خطے بالخصو ص افغانستان میں امن اور استحکام،افواج کے دفاعی تعاون اور تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا ۔

جمعہ کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے افغانستان کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل شیر محمد کریمی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں عسکری رہنماؤں کی ملاقات میں دونوں طرف سے گرمجوشی کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات کے دوران خطے بالخصو ص افغانستان میں امن اور استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران پاک فوج کے سربراہ اور افغان چیف آف جنرل سٹاف نے اپنے اپنے علاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں عسکری رہنماؤں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشتگردوں کیلئے اپنے ملک میں زمین تنگ کر دی جائیگی اور انہیں کہیں چھپنے نہیں دیا جائیگا۔ دونوں ممالک کی افواج کے سربراہان نے ملاقات کے دوران پاک افغان سرحدی امور،دفاعی اور تربیتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی غورکیا۔

افغان چیف آف جنرل سٹاف کو جی ایچ کیو آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جنرل شیر محمد کریمی نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ جنرل شیر محمد کریمی (آج)ہفتہ کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاسنگ آوٴٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے اورپریڈ کے شرکاء سے خطاب کرینگے۔