راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام راول شاپنگ فیسٹول کی تیاریا ں زور شور سے جاری

جمعہ 17 اپریل 2015 22:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام راول شاپنگ فیسٹول کی تیاریا ں زور شور سے جاری ، فیسٹول کے دوران ٹریفک کی روانی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے سٹی ٹریفک آفیسر شعیب خرم جانبازاور تحصیل میونسپل آفیسر راول ٹاؤن چوہدری لیاقت علی نے ٹاؤن آفیسر ریگولیشن کے ہمراہ چیمبر میں صدر سید اسد مشہدی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور فیسٹول کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے صدر چیمبر کو تفصیل سے آگا ہ کیا،اس موقع پر سینئر نائب صدر میاں ہمایوں پرویز بھی موجود تھے ۔

چیمبر سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق سٹی ٹریفک آفیسر شعیب خرم جانباز نے ملاقات کے دوران صدر چیمبر کو راول شاپنگ فیسٹول جو کہ 2مئی سے 10مئی تک راولپنڈی کی تمام مارکیٹوں میں بیک وقت منعقد کیا جائے گا کیلئے ٹریفک پلان سے آگا ہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس دوران فیسٹول ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اور جیسا کہ چیمبر فیسٹول کے دوران12لاکھ سے15لاکھ افراد کی شرکت کا تخمینہ لگا رہا ہے اس کیلئے باقاعدہ روڈ پلان ترتیب دئے جا رہے ہیں تا کہ کسی بھی وزیٹر کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ،پارکنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر مارکیٹ کے ارد گرد پارکنگ کی وسیع جگہ فراہم کی جائے گی اور ٹریفک پولیس کے اہلکار فیسٹول کے دوران ہر بڑی مارکیٹ میں موجود ہونگے تا کہ ٹریفک جام اور پارکنگ کے ایشوز کو حل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ایک اور ملاقات میں تحصیل میونسپل آفیسر راول ٹاؤن چوہدری لیاقت علی نے ٹاؤن آفیسر ریگولیشن کے ہمراہ صدر چیمبر سے ملاقات کی اور میونسپل اتھارٹی کی طرف سے تجاوزات کو ختم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اپنے بھر پورتعاون کا یقین دلایا،ٹی ایم او نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے پارکنگ کیلئے وسیع جگہ مہیا کی جا سکتی ہے تا کہ بازاروں کا رخ کرنے والے کسی بھی کسٹمر کو اس حوالے سے دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے ،قبل ازیں سی ٹی او شعیب خرم جانباز اور ٹی ایم او چوہدری لیاقت سے الگ الگ ملاقات کے دوران صدر چیمبر سید اسد مشہدی نے کہا کہ چیمبر اس فیسٹول میں 12سے15لاکھ افراد کی شرکت کا تخمینہ لگا رہا ہے اور اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے باہر آنے سے ٹریفک کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس حوالے سے سی ٹی او اقدامات اٹھائیں کیونکہ فیسٹول کے دوران عوام کو سہولیات مہیا کرنا چیمبر کی ترجیحات میں شامل ہے ، چوہدری لیاقت سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ تجاوزات کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ،محکمہ ان کے خلاف نوٹس لے تا کہ مارکیٹوں میں کسٹمرز کی آمد اور پارکنگ کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔

سی ٹی او اور ٹی ایم او نے صدر چیمبر کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔